خلیج اردو آن لائن:
دبئی میں ماسک نہ پہن کر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سیاح کو پولیس اہلکار کو 3 ہزار درہم رشوت کی پیش کش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
دبئی کی ابتدائی عدالت کو بتایا گیا کہ یہ واقعہ اس سال اپریل میں سٹرلائزیشن مہم کے دوران پیش آیا۔ جب ایک پولیس اہلکار جبل علی کے علاقے میں معمول کے گشت پر مامور تھا تو اس نے بھارتی مدعاعلیہ اور ایک خاتون کو ایک ہوٹل کے باہر دیکھا جنہوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے اور وہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے۔
ریکارڈ کے مطابق پولیس اہلکار نے بتایا کہ ” کورنا ایس او پیز اور نقل و حمل پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھ کر میں نے اس جوڑے کو روکا انہیں بتایا کہ انہیں ماسک پہننا چاہیے تھا اور بغیر اجازت نامے کے باہر نہیں آنا چاہیے تھا۔ جس پر انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ سیر کے لیے باہر آئے ہیں”۔
پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ مدعا علیہ نے ” اس سے درخواست کی کہ اگر میں اسے بغیر قانونی کاروائی کے چھوڑ دیتا ہوں تو وہ مجھے 3 ہزار رشوت ادا کرے گا۔ جس میں 2 ہزار درہم کیش میں دے جبکہ باقی اس کی رہائش گاہ پر پہنچا دے گا”۔
جبکہ مدعاعلیہ نے پولیس اہلکار کو بتایا کہ خاتون مساج کرتی ہے اور اس نے خاتون کو دو سو درہم میں مساج کے لیے بلایا تھا۔ اور وہ خاتون کے لیے ٹیکسی کا کرایہ دینے کے لیے ہوٹل سے باہر آیا تھا۔
تاہم، جب پولیس اہکار مدعاعلیہ کو جبل علی پولیس تھانے لے گیا تو اس نے پولیس اہلکار کو 2 ہزار درہم تھما دیے۔ جس پر پولیس اہلکار نے اپنے ڈائریکٹر کومطلع کر دیا اور مدعاعلیہ کو قانونی کاروائی کے لیے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔
جس پر دبئی پبلک پراسیکیوشن نے مدعاعلیہ پر پولیس اہلکار کو رشوت کی پیشکش کرنے کا الزام عائد کردیا۔
مقدمے کی سماعت 19 اکتوبر کو ہوگی۔
Source: Gulf News







