متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں ٹیلی مارکیٹنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 19.19 ملین درہم جرمانے، 9,433 نمبرز بند

خلیج اردو

متحدہ عرب امارات میں ذاتی موبائل نمبرز کے ذریعے غیر قانونی ٹیلی مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (TDRA) کے مطابق جون 2026ء تک افراد کے خلاف ٹیلی مارکیٹنگ قوانین کی خلاف ورزی کے 3,301 کیسز ریکارڈ کیے گئے جن پر مجموعی طور پر 19.19 ملین درہم کے جرمانے عائد کیے گئے۔

اتھارٹی کے مطابق شہریوں کی جانب سے 92,748 موبائل نمبرز رپورٹ کیے گئے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ٹیلی مارکیٹرز سے منسلک 9,433 نمبرز کی سروس منقطع کر دی گئی۔

TDRA نے کہا ہے کہ غیر مطلوبہ مارکیٹنگ کالز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جن کا مقصد قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا اور شہریوں کی پرائیویسی کا تحفظ ہے۔

ذاتی نمبر سے مارکیٹنگ پر پابندی

TDRA نے واضح کیا ہے کہ ذاتی موبائل نمبرز صرف ذاتی استعمال کے لیے ہیں اور انہیں ٹیلی مارکیٹنگ یا کاروباری تشہیری سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

2024ء کی کابینہ قراردادوں کے تحت ذاتی نمبر سے مارکیٹنگ کال کرنے والے شخص پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں 5 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ جرمانہ ادا ہونے تک اس کے نام پر رجسٹرڈ تمام نمبرز معطل کیے جا سکتے ہیں۔

بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو 50 ہزار درہم تک جرمانے اور متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے پر 12 ماہ تک پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

غیر ضروری کالز کیسے بند کریں؟

یو اے ای کے رہائشی غیر مطلوبہ مارکیٹنگ کالز سے بچنے کے لیے Do Not Call Registry (DNCR) میں اپنا نمبر رجسٹر کرا سکتے ہیں۔

اس کے لیے موبائل فون سے DNCR لکھ کر 2211 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔

اگر کسی رہائشی کو غیر مطلوبہ ٹیلی مارکیٹنگ کال موصول ہو تو وہ متعلقہ نمبر 2211 پر ایس ایم ایس کرکے اس کی شکایت بھی درج کرا سکتا ہے۔

ٹیلی مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے بھی سخت قوانین

یو اے ای میں ٹیلی مارکیٹنگ کے نئے ضوابط اگست 2024ء میں مکمل طور پر نافذ ہوئے تھے۔

قوانین کے تحت لائسنس یافتہ ٹیلی مارکیٹنگ کمپنیوں کو صرف صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک مارکیٹنگ کالز کرنے کی اجازت ہے۔

اگر کوئی صارف ابتدائی کال میں کسی پراڈکٹ یا سروس کو مسترد کر دے تو کمپنی اسے دوبارہ کال نہیں کر سکتی جبکہ صارف پر دباؤ ڈالنے والے طریقوں کے استعمال پر بھی پابندی ہے۔

خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر 10 ہزار سے 1 لاکھ 50 ہزار درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کی سرگرمیاں جزوی یا مکمل طور پر معطل، لائسنس منسوخ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز سے ایک سال تک محروم بھی کیا جا سکتا ہے۔

TDRA نے 2024ء کے آخر میں بتایا تھا کہ نئے قوانین کے نفاذ کے بعد 3.8 ملین درہم کے جرمانے عائد کیے گئے اور 2 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں سامنے آئی تھیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button