متحدہ عرب امارات

بارشوں میں سیلابی نالوں کو عبور نہ کریں، یو اے ای کے وادی علاقوں کے مکینوں کی وارننگ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے وادی علاقوں میں رہنے والے مکین بارش کے ساتھ جڑے خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں، جہاں چند ہی منٹوں میں پرسکون وادیاں تیز بہاؤ والے سیلابی نالوں میں تبدیل ہو جاتی ہیں جو گاڑیوں اور درختوں تک کو بہا لے جاتے ہیں۔ اس ہفتے ایک بار پھر غیر مستحکم موسم اور بارشوں کے باعث یہ علاقے ہائی الرٹ پر ہیں، کیونکہ یہاں کے رہائشیوں کے لیے بارش ایک طرف کھیتوں کے لیے نعمت ہے تو دوسری جانب جان و مال کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہے۔

راس الخیمہ کے وادی غلیلہ سے تعلق رکھنے والے عمر احمد الشحی کے مطابق بارش کا خیرمقدم کیا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی فوری تیاری شروع ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے قدیم آبپاشی نالوں کی صفائی کی جاتی ہے جو وادی کے پانی کو کھیتوں تک لے جاتے ہیں، یہ روایتی نظام اس طرح کام کرتا ہے کہ ایک کھیت بھرنے کے بعد پانی اگلے کھیت میں منتقل ہو جاتا ہے تاکہ وسائل منصفانہ طور پر تقسیم ہوں۔

مقامی آبادی کے درمیان باہمی رابطہ اور تعاون اس خطرے کے خلاف ایک مضبوط دفاعی دیوار ہے۔ عمر الشحی کے مطابق علاقے کے لوگ سیاحوں اور باہر سے آنے والوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ خطرناک مقامات پر نہ رکیں اور سیلابی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں، کیونکہ اکثر باہر سے آنے والے اچانک آنے والے سیلاب کی طاقت کو کم سمجھ لیتے ہیں۔

بارش کے دوران وادیوں میں پانی آنے پر علاقے میں غیر اعلانیہ لاک ڈاؤن جیسی صورتحال اختیار کر لی جاتی ہے، لوگ دوسرے علاقوں میں جانے سے اجتناب کرتے ہیں اور اگر کوئی باہر ہو تو پانی اترنے تک واپسی نہیں کرتا۔ اس کے باوجود غیر متوقع موسم بعض اوقات نقصان بھی پہنچا دیتا ہے، جہاں کچھ مکینوں کو بروقت اقدام نہ کرنے پر اپنے مویشیوں سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے اور اچانک شدید بارش میں جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

شوکاہ کے علاقے سے تعلق رکھنے والے مصبح سیف کا کہنا ہے کہ مسئلہ زیادہ تر ان لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے جو باہر سے آتے ہیں اور وادی کے بہاؤ کی شدت کا اندازہ نہیں لگا پاتے، وہ گاڑیوں کے ساتھ نالوں میں اتر جاتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ وہ آسانی سے عبور کر لیں گے۔ ان کے مطابق جدید رہائشی منصوبے اگرچہ بڑی وادیوں سے دور بنائے گئے ہیں، تاہم کھیت اب بھی خطرے میں رہتے ہیں کیونکہ تیز بہاؤ فصلوں اور کھیتوں کی دیواروں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق یو اے ای میں اس ہفتے غیر مستحکم موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، مختلف علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض اندرونی اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہیں اور سیلابی نالوں کو عبور کرنے کا خطرہ مول نہ لیں، کیونکہ احتیاط ہی جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button