
خلیج اردو
دبئی پولیس نے 230 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گاڑی چلانے والے ایک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا، جس نے اسمارٹ نگرانی کے نظام سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹیں بھی اتار دی تھیں۔
دبئی پولیس کے مطابق جدید ٹریفک مانیٹرنگ اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام کی مدد سے گاڑی کی نشاندہی کی گئی، جو مختلف مقامات پر خطرناک ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث پائی گئی۔ گاڑی گرے رنگ کی نسان پیٹرول تھی۔
پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی ضبط کر لی، جبکہ گاڑی کی رہائی کے لیے 50 ہزار درہم تک جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے ملزم کو متعلقہ حکام کے حوالے بھی کر دیا گیا ہے۔
دبئی پولیس کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے کہا کہ ڈرائیور نے غلط فہمی میں نمبر پلیٹیں ہٹا دیں تاکہ اسمارٹ نگرانی کے نظام سے بچ سکے، لیکن مصنوعی ذہانت اور فیلڈ ٹیموں نے گاڑی اور ڈرائیور دونوں کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نمبر پلیٹیں ہٹانا یا ان میں ردوبدل کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس طرح قانون سے بچنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق حد سے زیادہ رفتار سنگین ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے کیونکہ اس سے ردعمل کا وقت کم، بریک لگانے کا فاصلہ زیادہ اور ہنگامی صورتحال میں گاڑی پر قابو پانا مشکل ہو جاتا ہے۔
بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے کہا کہ "تیز رفتاری سفر مختصر نہیں کرتی بلکہ منزل تک نہ پہنچنے کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔”







