متحدہ عرب امارات

دبئی میں نئے رہائشی یونٹس کی آمد سے کرایہ داروں کو کرایوں میں کمی کا موقع مل گیا

خلیج اردو
دبئی: دبئی میں نئے رہائشی یونٹس کی بڑھتی ہوئی دستیابی کرایہ داروں کو لیز شرائط پر دوبارہ بات چیت اور کرایوں میں کمی کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ ریئل اسٹیٹ کنسلٹنسی کمپنی کیوینڈش میکس ویل کے مطابق دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے کرایہ داری معاہدوں کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ 2025 کی پہلی ششماہی میں کرایوں میں 0.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو 2024 کی دوسری ششماہی کے مقابلے میں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ کمی بنیادی طور پر تجدیدی معاہدوں کے کرایوں میں کمی کی وجہ سے ہوئی، کیونکہ مارکیٹ میں مزید یونٹس آنے سے کرایہ داروں کو زیادہ متبادل اور مالک مکان سے رعایت لینے کا موقع ملا۔ اس رجحان سے کرایہ داروں کا اعتماد بڑھا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں نئی تعمیرات کی تعداد زیادہ ہے۔ تاہم 2024 کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں کرایے اب بھی 9.9 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں تقریباً 17 ہزار 300 رہائشی یونٹس مکمل ہوئے جبکہ 61 ہزار 800 یونٹس زیر تعمیر ہیں۔ 2026 اور 2027 میں ایک لاکھ سے زائد یونٹس کی فراہمی کا امکان ہے، جو اوسطاً ہر ماہ 9 ہزار یونٹس کے برابر ہے، لیکن حقیقی تکمیل کی رفتار کم رہنے کی توقع ہے۔

2025 کی پہلی ششماہی میں 2 لاکھ 44 ہزار سے زائد کرایہ داری معاہدے رجسٹر ہوئے، جن میں سے 66.8 فیصد تجدیدی معاہدے تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نئے یونٹس کی فراہمی مارکیٹ کی طلب سے تیز ہوئی تو کرایہ داروں پر بڑھتے کرایوں کا دباؤ کم ہو سکتا ہے۔

کیوینڈش میکس ویل کے چیف اکانومسٹ جولیان روچے نے کہا کہ دبئی کی رہائشی مارکیٹ عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہی ہے کیونکہ یہاں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع جیسے مثبت عوامل موجود ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ ہر رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب سپلائی میں اضافہ قیمتوں کو متاثر کرتا ہے، لیکن بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں دبئی اب بھی مسابقتی ہے، خاص طور پر لگژری پراپرٹی میں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی میں اپارٹمنٹس کے مجموعی کرایہ منافع (گراس رینٹل ییلڈ) 7.2 فیصد اور ولاز و ٹاؤن ہاؤسز کے لیے 5 فیصد ہیں، جو دنیا کے کئی بڑے شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہیں، اگرچہ 2024 کی دوسری ششماہی کے مقابلے میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button