متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس کا جیٹ اسکی سواروں کو انتباہ، معمولی غلطیاں جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہیں

خلیج اردو

دبئی پولیس نے موسم گرما میں ساحلوں پر بڑھتی سرگرمیوں کے پیش نظر جیٹ اسکی استعمال کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ زیادہ تر سمندری حادثات انسانی غلطیوں اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کے باعث پیش آتے ہیں۔

دبئی پولیس کے پورٹس پولیس اسٹیشن کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر احمد عبداللہ سالم العدیدی کے مطابق تیز رفتاری، لائف جیکٹ نہ پہننا، تیراکی کے مخصوص علاقوں میں جیٹ اسکی چلانا اور مناسب تربیت یا تجربے کے بغیر سواری کرنا حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی افراد ساحلوں اور مریناز کے قریب تیز رفتاری سے جیٹ اسکی چلاتے ہیں، خطرناک کرتب دکھاتے ہیں، دوسری کشتیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار نہیں رکھتے اور منظور شدہ لائف جیکٹ بھی استعمال نہیں کرتے، جس سے نہ صرف ان کی بلکہ تیراکوں اور دیگر سمندری تفریح سے لطف اندوز ہونے والوں کی جان بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

دبئی پولیس نے کہا کہ ہر سوار کو پورے سفر کے دوران منظور شدہ لائف جیکٹ پہننی چاہیے، جبکہ سر پر چوٹ سے بچنے کے لیے ہیلمٹ کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے۔

پولیس نے روانگی سے قبل جیٹ اسکی کا مکمل معائنہ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے، جس میں ایندھن کی مقدار، انجن، اسٹیئرنگ سسٹم اور ایمرجنسی انجن کٹ آف لینیارڈ (Engine Cut-Off Lanyard) کی جانچ شامل ہے۔

پولیس نے خراب موسم، تیز ہواؤں یا سمندر میں اونچی لہروں کے دوران جیٹ اسکی نہ چلانے اور روانگی سے پہلے موسم کی پیش گوئی ضرور دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

والدین اور کرایہ دینے والی کمپنیوں کے لیے ہدایات

دبئی پولیس نے والدین اور جیٹ اسکی کرایہ پر دینے والی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ مقررہ عمر سے کم بچوں کو کسی صورت اکیلے جیٹ اسکی نہ چلانے دی جائے، بلکہ ان کے ساتھ والدین یا کوئی ذمہ دار بالغ فرد موجود ہونا چاہیے۔

گرمیوں میں خصوصی نگرانی

پولیس نے بتایا کہ موسم گرما کے دوران دبئی میری ٹائم اتھارٹی کے تعاون سے جیٹ اسکی کرایہ پر دینے والی کمپنیوں کے خلاف خصوصی انسپیکشن مہم اور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ حفاظتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

دبئی پولیس کی اہم حفاظتی ہدایات

  • ہمیشہ منظور شدہ لائف جیکٹ اور ہیلمٹ پہنیں۔
  • انجن کٹ آف لینیارڈ کو کلائی، لباس یا لائف جیکٹ کے ساتھ ضرور باندھیں۔
  • صرف منظور شدہ سمندری راستوں میں جیٹ اسکی چلائیں۔
  • تیراکی کے علاقوں اور ہجوم والے ساحلوں سے دور رہیں۔
  • خطرناک کرتب اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔
  • سمندری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔
  • غروب آفتاب کے بعد جیٹ اسکی نہ چلائیں۔
  • واٹر کرافٹ کی رجسٹریشن، باقاعدہ دیکھ بھال اور واٹر پروف موبائل یا مواصلاتی آلہ اپنے ساتھ رکھیں۔
  • مقررہ حد سے زیادہ مسافروں کو ہرگز سوار نہ کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button