
خلیج اردو
دبئی: العویر میں واقع دبئی آٹو زون کے متعدد کار شو رومز بدھ کے روز بھی سیل رہے، جہاں چند روز قبل ایک خوفناک آتشزدگی نے کئی گاڑیوں اور شورومز کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ متاثرہ علاقے کو حفاظتی ٹیپ سے گھیر دیا گیا ہے جبکہ جلی ہوئی گاڑیوں کے ملبے اور جلنے کی بدبو اب بھی فضا میں موجود ہے۔
عینی شاہدین اور قریبی شورومز کے عملے کے مطابق آگ ہفتے کی دوپہر وی آئی پی اسٹارز شوروم میں لگی جو تیزی سے قریبی شورومز تک پھیل گئی۔ دبئی سول ڈیفنس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرفائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
الفلاسی کارز کے ایک سیلز پرسن نے بتایا کہ "آگ دوپہر کے بعد شروع ہوئی اور جلد ہی اطراف کے شورومز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہماری ایک اور برانچ سڑک کے دوسری جانب واقع ہے، جہاں سے ہم نے آگ کو پھیلتے دیکھا اور ریسکیو ٹیموں کو آتے دیکھا۔”
تاحال نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئیں۔ الفلاسی کارز کے ایک ملازم نے کہا کہ "ہماری جانب سے ہی پانچ گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔”
قریبی شورومز کے عملے کا کہنا ہے کہ فائرفائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، ورنہ آٹو زون کے دیگر بڑے ڈیلرشپس اور گیراجز بھی متاثر ہو سکتے تھے۔
Massive Fire in Dubai’s Al Awir Auto Zone Damages Multiple Car Showrooms and Vehicles







