
خلیج اردو
دبئی – دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید روڈ سے الورقاء کے لیے نیا داخلی و خارجی راستہ آئندہ ہفتے کھول دیا جائے گا، جس سے سفر کا وقت 20 منٹ سے کم ہو کر صرف 3.5 منٹ رہ جائے گا۔
آر ٹی اے کے مطابق یہ نیا منصوبہ 5,000 گاڑیوں فی گھنٹہ کی اضافی گنجائش فراہم کرے گا، جبکہ فاصلہ بھی نمایاں طور پر کم ہو گا – 5 کلومیٹر سے گھٹ کر صرف 1.5 کلومیٹر۔ یہ منصوبہ پہلی بار اکتوبر 2024 میں اعلان کیا گیا تھا، اور اب یہ مکمل ہو چکا ہے۔
ادھر ام سقیم اسٹریٹ کی بہتری کے منصوبے پر بھی کام آخری مراحل میں ہے، جس کا مقصد الخیل روڈ اور شیخ محمد بن زاید روڈ کے درمیان ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے۔ یہ منصوبہ 332 ملین درہم کی لاگت سے تیار کیا جا رہا ہے اور اس میں ہر سمت میں چار لینز پر مشتمل 800 میٹر طویل ٹنل شامل ہے۔
الورقاء میں دیگر بہتری کے اقدامات
الورقاء 1 میں اسٹریٹ 13 پر ٹریفک بہتری کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جو خاص طور پر مقامی رہائشیوں اور اسکول جانے والوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ یہ کام 8 کلومیٹر طویل اندرونی سڑکوں کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو ہموار بنانا ہے۔
الورقاء 3 اور 4 میں بھی ترقیاتی کام جاری ہیں، جن میں سڑکوں کی تعمیر، فٹ پاتھ، پارکنگ اسپیسز، اور 23 کلومیٹر طویل سائیکلنگ ٹریکس شامل ہیں تاکہ متبادل سفری ذرائع کو فروغ دیا جا سکے۔
الورقاء 1 میں اگلا مرحلہ چوراہوں کی جدید سگنلائزڈ انٹرسیکشنز میں تبدیلی کا ہے، جنہیں اسمارٹ ٹریفک لائٹس سے لیس کیا جائے گا۔ اس تبدیلی سے ٹریفک کی کارکردگی میں 30 فیصد بہتری کی توقع ہے، جبکہ تکمیل سال کے اختتام تک متوقع ہے۔
RTA نے الورقاء 4 میں اہم تعلیمی اداروں جیسے اسکول آف ریسرچ سائنس اور جیمز رائل دبئی اسکول کے اطراف میں 150 نئی پارکنگ اسپیسز اور بہتر رسائی کے راستے بھی مکمل کیے ہیں، جن سے اسکول زونز میں رش 35 سے 50 فیصد تک کم ہوا ہے۔
اس کے علاوہ، الورقاء 4 میں محمد بن راشد ہاؤسنگ اسٹیبلشمنٹ کے تحت 136 نئی رہائشی ولاز کے منصوبے کی معاونت کے لیے بھی انفراسٹرکچر مکمل کیا گیا ہے، جس میں گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے، فٹ پاتھ اور مربوط لائٹنگ سسٹم شامل ہیں۔ ساتھ ہی 7.4 کلومیٹر لمبا سائیکلنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو تفریح اور روزمرہ سفر کے لیے سائیکلنگ کی ترغیب دی جا سکے۔







