
خلیج اردو
دبئی: دبئی اسپورٹس کونسل (ڈی ایس سی) کے زیر اہتمام ہونے والا دبئی اوپن فٹبال اکیڈمیز ٹورنامنٹ (DOFA) اس سال نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، جس میں 12 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی 117 اکیڈمیوں کی 558 ٹیموں کی نمائندگی کریں گے، جن میں 40 لڑکیوں کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ دبئی اسپورٹس کونسل نے یو اے ای فٹبال ایسوسی ایشن کے تعاون اور ڈیلٹا ایڈ اسپورٹ کی شراکت سے شروع کیا ہے۔ اس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور دبئی کو عالمی اسپورٹس حب کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔
تمام امارات سے شریک کھلاڑی 6 سے 23 سال کی مختلف عمر کے گروپس میں مقابلہ کریں گے۔ 2025 کے ایڈیشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.1 فیصد زیادہ کھلاڑی اور 11.6 فیصد زیادہ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ گزشتہ ایڈیشن میں 11 ہزار کھلاڑی اور 500 ٹیمیں حصہ لے چکی تھیں، جس سے اس ایونٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور فٹبال کے فروغ میں اس کے کردار کا اندازہ ہوتا ہے۔
ٹورنامنٹ ایک راؤنڈ لیگ فارمیٹ پر مبنی ہوگا، جبکہ سپر کپ میں ہر گروپ کے ٹاپ ونر ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ میچز پورے سیزن کے دوران دبئی اسپورٹس سٹی سمیت نو مختلف مقامات پر ہوں گے تاکہ تمام کھلاڑیوں اور اکیڈمیوں کو یکساں مواقع حاصل ہوں۔
ڈی ایس سی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ دبئی کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور اسپورٹس سیکٹر میں ترقی کو فروغ دینا ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف مستقبل کے اسٹار کھلاڑیوں کو تیار کرے گا بلکہ دبئی کی حیثیت کو کھیلوں میں علاقائی اور عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔
دبئی اسپورٹس کونسل کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نوجوان فٹبالرز کو ایک پیشہ ور پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی مہارتوں کو نکھار سکیں، مسابقتی تجربہ حاصل کریں، اور فئیر پلے، ٹیم ورک اور اسپورٹس مین شپ کے اصولوں کو اپنائیں۔ تمام سہولیات بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کی گئی ہیں تاکہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔





