
خلیج اردو
دبئی پولیس نے دبئی کی مصروف اور اہم شاہراہوں پر گاڑیوں سواروں سے بھیک مانگنے والے 22 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کرلیا۔
دبئی پولیس کے مطابق گروہ کے ارکان مختلف اہم سڑکوں پر گاڑیوں کے قریب جاکر لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کرتے اور مبینہ طور پر سفر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے رقم کی ضرورت کا دعویٰ کرتے تھے۔
پولیس کو گروہ کی سرگرمیوں کی اطلاع دبئی پولیس کی ایپ کے ذریعے پولیس آئی سروس پر موصول ہوئی، جس کے بعد اہلکاروں نے ملزمان کی کارروائی کے طریقہ کار کی نشاندہی کی اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا شروع کردی۔
پولیس ٹیموں نے نگرانی کے بعد کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے تمام 22 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ دبئی پولیس نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع سرکاری پولیس ذرائع کے ذریعے دیں۔







