
خلیج اردو
دبئی پولیس نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے آغاز پر اپنے سالانہ مفت سمر پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس میں اس سال نوجوانوں میں الیکٹرانک سگریٹ نوشی (ویپنگ) اور ای اسکوٹر کے غیر محفوظ استعمال جیسے بڑھتے ہوئے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
11 سے 18 سال عمر کے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے شروع کیے گئے اس پروگرام کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ دبئی پولیس کے ہمایہ انٹرنیشنل سینٹر کے ڈائریکٹر Brigadier Dr Abdul Rahman Sharaf Al Maamari کے مطابق رجسٹریشن کھلنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہمایہ ویب سائٹ پر ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد نے وزٹ کیا جبکہ بعض مراکز تین سے چار گھنٹوں میں مکمل طور پر بھر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام روایتی سمر کیمپ سے مختلف ہے کیونکہ اس کا نصاب جرائم کی تحقیقات اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹوں کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔ "اگر ویپنگ، منشیات، بدمعاشی یا سائبر جرائم سے متعلق مسائل سامنے آئیں تو ہم انہی موضوعات پر خصوصی تربیت اور آگاہی فراہم کرتے ہیں۔”
اس سال کے پروگرام میں ویپنگ کے نقصانات، ای اسکوٹر کے محفوظ استعمال، منشیات سے بچاؤ اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق تربیتی سیشنز شامل ہوں گے۔ طلبہ کو روایتی کلاس روم کے بجائے عملی سرگرمیوں، جسمانی ورزش، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور سیکیورٹی آگاہی پر مبنی ماحول فراہم کیا جائے گا۔
بریگیڈیئر ڈاکٹر المعماری نے زور دیا کہ ای اسکوٹر حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر والدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق، "خاندان اپنے بچوں کے تحفظ کی پہلی دفاعی دیوار ہے۔ اگر والدین اسکوٹر خریدتے اور بچوں کو بغیر نگرانی مصروف سڑکوں پر جانے کی اجازت دیتے ہیں تو خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ای اسکوٹر اور دیگر مشاغل کیلئے مخصوص محفوظ راستے اور مقامات فراہم کیے ہیں جبکہ عوامی سڑکوں پر غیر محتاط استعمال بچوں کی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔
گزشتہ آٹھ برسوں سے یہ پروگرام عوام کیلئے بھی کھولا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال 46 سے زائد قومیتوں کے طلبہ نے اس میں شرکت کی تھی۔ دیگر امارات میں رہنے والے طلبہ بھی پروگرام میں شامل ہو سکتے ہیں جبکہ مخصوص علاقوں میں وزارت تعلیم کے تعاون سے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
سمر پروگرام کا اختتام ایک شاندار فوجی طرز کی گریجویشن تقریب پر ہوگا، جہاں طلبہ کی نظم و ضبط، جسمانی تربیت اور نئی مہارتوں کو سراہا جائے گا







