متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس کی شہریوں کو گلوبل ولیج کی جعلی ٹکٹ سائٹس سے خبردار کرنے کی ہدایت

خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ آن لائن اور سوشل میڈیا پر جعلی لنکس گردش کر رہے ہیں جو گلوبل ولیج کے نئے سیزن کے لیے وی آئی پی پیک رعایتی قیمتوں پر فروخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ لنکس فراڈ ہیں جن کا مقصد شہریوں کے پیسے اور ذاتی معلومات چرا کر نقصان پہنچانا ہے۔ جعلساز سرکاری ویب سائٹس سے مشابہہ صفحات بنا کر خریداروں کو دھوکہ دیتے ہیں۔

پولیس نے کہا کہ ہر سال گلوبل ولیج ٹکٹوں کی زیادہ طلب کے دوران ایسے فراڈ دوبارہ سامنے آتے ہیں۔ گلوبل ولیج اپنا 30 واں سیزن 15 اکتوبر سے شروع کرے گا۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ٹکٹ اور وی آئی پی پیک صرف آفیشل ذرائع سے ہی خریدے جائیں، جیسے گلوبل ولیج کی ویب سائٹ، موبائل ایپ یا منظور شدہ آؤٹ لیٹس۔ نئے سیزن کے لیے وی آئی پی پیک کی فروخت کے لیے کوکا کولا ایرینا کی ویب سائٹ کو واحد آفیشل پلیٹ فارم قرار دیا گیا ہے۔

رواں ہفتے گلوبل ولیج نے اعلان کیا تھا کہ سیزن 30 کے وی آئی پی پیک کی فروخت مرحلہ وار ہوگی، جس کا آغاز 20 ستمبر کو پری بکنگ سے اور 27 ستمبر کو عام فروخت سے ہوگا۔ ان پیکجز کی قیمتیں 1,800 درہم سے 7,550 درہم تک ہوں گی جبکہ ایک خوش نصیب خریدار کو 30,000 درہم کا چیک انعام میں دیا جائے گا۔

دبئی پولیس نے نشاندہی کی کہ حالیہ مہینوں میں اسی نوعیت کے فراڈ سامنے آئے ہیں جن میں یوٹیلیٹی بلز اور جرمانوں پر جعلی رعایت کے دعوے، کھیلوں اور کنسرٹس کے جعلی ٹکٹ شامل تھے۔ کئی شہری 1,000 سے 1,500 درہم تک کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔ جعلساز اکثر سرکاری لوگو، برانڈڈ ڈیزائن اور مشابہہ یو آر ایل استعمال کرتے ہیں تاکہ صارفین کو دھوکہ دیا جا سکے۔

پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ مشتبہ لنکس سے بچیں اور کسی بھی فراڈ کی اطلاع ای کرائم پلیٹ فارم یا ہیلپ لائن 901 پر دیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button