
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے پبلک ہیلتھ حکام نے شہریوں کو فلو ویکسین لگوانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ویکسین دبئی کے ہیلتھ کیئر مراکز پر بآسانی دستیاب ہے۔
نیشنل سیزنل فلو آگاہی مہم 2025-26 کے دوران طبی ماہرین نے کہا کہ فلو نہ صرف پرانی بیماریوں کو بگاڑ سکتا ہے بلکہ بعض سنگین صورتوں میں نمونیا یا سیپسس جیسی پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ ڈاکٹروں نے مزید کہا کہ جن افراد کو پہلے سے طبی مسائل ہیں یا جنہیں شدید علامات ہیں انہیں فوری طبی معائنہ کروانا چاہیے۔
وزارت صحت و تحفظ (MoHaP) کی ڈائریکٹر برائے پبلک ہیلتھ اینڈ پریوینشن ڈاکٹر ندا المرزوقی نے بتایا کہ نیا انفلوئنزا ویکسین دبئی کے اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں دستیاب ہے اور یہ چھ ماہ کی عمر سے تمام افراد کے لیے مؤثر ہے۔ ویکسین کی دو اقسام ہیں: ایک عام افراد کے لیے معیاری ویکسین اور دوسری 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ہائی ڈوز ویکسین جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے۔ ویکسی نیشن مہم ستمبر 2021 سے مارچ 2026 تک جاری رہے گی جو یو اے ای میں فلو وائرس کے پھیلاؤ کے موسم کے مطابق ہے۔
ماہرین نے کہا کہ موسمی فلو تیزی سے پھیلتا ہے، خاص طور پر بھیڑ بھاڑ والی جگہوں جیسے اسکولوں اور نرسنگ ہومز میں۔ کھانسی یا چھینک کے دوران متاثرہ شخص کے منہ یا ناک سے نکلنے والے ذرات قریبی افراد کو متاثر کر سکتے ہیں، جبکہ جراثیم آلود ہاتھوں سے بھی وائرس پھیل سکتا ہے۔ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کھانسی یا چھینک کے وقت منہ اور ناک ڈھانپنے اور ہاتھ بار بار دھونے پر زور دیا گیا۔
دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹر برائے پریوینشن میڈیسن ڈاکٹر عبداللہ الرسائی نے کہا کہ والدین کو لازمی ہے کہ وہ اپنے اسکول جانے والے بچوں کو ویکسین لگوائیں۔ اگر اسکولوں میں ویکسی نیشن ڈرائیو کا اہتمام کیا جائے تو والدین کی رضامندی ضروری ہوگی۔
Dubai doctors urge flu vaccination to prevent serious complications







