متحدہ عرب امارات

دبئی کی اون پاسِو میٹرو اسٹیشن کا نام تبدیل، اب ’’گارمن‘‘ اسٹیشن ہوگا

خلیج اردو
دبئی کی میٹرو کی اون پاسِو اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے گارمن میٹرو اسٹیشن رکھا جا رہا ہے۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اس حوالے سے عالمی ٹیکنالوجی برانڈ گارمن کے ساتھ 10 سالہ معاہدہ کرلیا ہے۔ معاہدہ گارمن کے متحدہ عرب امارات میں خصوصی ڈسٹری بیوٹر AMIT Retail کے ذریعے کیا گیا ہے۔

ال کوز اور الصفا کے درمیان واقع اس میٹرو اسٹیشن کا افتتاح 2010 میں نور بینک میٹرو اسٹیشن کے نام سے ہوا تھا۔ نومبر 2020 میں اس کا نام تبدیل کرکے الصفا اسٹیشن رکھا گیا جبکہ جنوری 2023 میں مصنوعی ذہانت کی کمپنی اون پاسِو نے نام رکھنے کے حقوق حاصل کیے تو اسٹیشن کا نام اون پاسِو رکھ دیا گیا۔

آر ٹی اے کے مطابق اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے کا عمل ستمبر سے نومبر 2026 کے دوران مکمل کیا جائے گا۔

نیا گارمن اسٹیشن ریڈ اور گرین لائنز کے ان اسٹیشنز میں شامل ہو جائے گا جن کے نام مختلف برانڈز کے ساتھ منسلک کیے گئے ہیں۔

آر ٹی اے کے ریل ایجنسی کے سی ای او عبدالمحسن کلبت نے کہا کہ گارمن کی شمولیت دبئی میٹرو اسٹیشن نیمِنگ رائٹس اقدام کی کامیابی اور مختلف شعبوں سے بڑے برانڈز کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سرکاری و نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے اور دبئی کی معاشی ترقی میں معاون ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق تمام میٹرو اسٹیشنز پر اندرونی اور بیرونی رہنمائی کے سائن بورڈز، ڈیجیٹل سمارٹ سسٹمز اور پبلک ٹرانسپورٹ ایپس پر اسٹیشن کا نیا نام اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

میٹرو ٹرینوں میں اسٹیشن کے حوالے سے آڈیو اعلانات بھی نئے نام کے مطابق تبدیل کیے جائیں گے۔ آر ٹی اے نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ منتقلی کے دوران اسٹیشن کے نئے نام کو نوٹ کریں، جبکہ عملہ مسافروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے موجود ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button