
دُبئی : دُنیا بھر کو اس وقت کورونا کی وبا نے گھیر رکھا ہے ۔ گزشتہ سال کی ابتداء میں امارات میں بھی اس موذی وبا نے اپنے پنجے گاڑ لیے تھے جس کے بعد اماراتی فضائی کمپنیوں نے اپنے ہزاروں ملازمین فارغ کر دیئے تھے جبکہ سماجی فاصلے کی پابندی کو ممکن بنانے کے لیے بہت سے ملازمین کوگھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
تاہم اب اس حوالے سے اماراتی ایئر لائن نے اہم اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایمریٹس ایئر نے اپنے تمام ملزمان کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا ہے۔ 12 ستمبر 2021سے تمام ملازمین کو دفاتر میں حاضر ہو کر ڈیوٹی کرنی ہو گی۔ ایمریٹس کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ان تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے کورونا وبا کے دوران گھروں سے ہی پوری فرض شناسی سے اپنی ڈیوٹی ادا کی۔
اب جبکہ وبا کا اثر کم ہو گیا ہے اس لیے تمام ملازمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اب گھروں کی بجائے دفاتر میں حاضری دے کر اپنے کام انجام دیں۔ دوسری جانب دُنیا کی سب سے بڑی عالمی نمائش ایکسپو 2020ء دُبئی کے آغاز میں اب بس تین ماہ کا وقت بچا ہے، دُبئی کی سرکاری فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے دُبئی ایکسپو کے حوالے سے شاندار آفر کی گئی ہے، جس کے تحت ایمریٹس ایئر لائن پر یکم اکتوبر 2021ء سے 31 مارچ ، 2022ء کے درمیان سفر کرنے والوں کو فی مسافر ایک پاس دیا جائے گا۔
دُبئی آنے والے تمام مسافر جن کا دُبئی میں قیام چھ گھنٹے سے زائد ہو گا، وہ پاس حاصل کر سکتے ہیں۔ایمریٹس کی جانب سے ویب سائٹ پر کہا گیا ہے ”اگر آپ یکم اکتوبر 2021ء سے 31 مارچ 2022ء کے درمیان ہماری ایئر لائن کے ذریعے دُبئی کا سفر کر رہے ہیں تو ہم آپ کو موقع دے رہے ہیں کہ آپ ایکسپو 2020 کی ایک روز کی ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ ہر مسافر کو ایکسپو کی ایک ٹکٹ ملے گی جو نمائش کے کسی ایک روز داخلے کے لیے ہو گی۔
اگر آپ کا دُبئی میں چھ گھنٹے سے زیادہ قیام ہوگا تو ایکسپو کا یہ پاس کلیم کر سکتے ہیں۔ یہ پاس حاصل کرنے کے لیے آپ کو اپنے فضائی سفر کی تفصیل بتانی ہوں گی جس کے بعد آپ کو ای میل کے ذریعے یہ پاس بھیج دیا جائے گا۔ اگر آپ کی فلائٹ کا شیڈول تبدیل یا منسوخ ہو جاتا ہے تو پھر یہ پاس کارآمد نہیں رہے گا۔ اس کے لیے پھر آپ کو اپنے فضائی سفر کی نئی تفصیلات بتانی ہوں گی جس کے مطابق دوبارہ جاری کی جائیں گی۔
18جولائی سے ایکسپو دُبئی کی ٹکٹس کی آن لائن سیل شروع ہو گئی ہے جو تین زمروں میں ہوں گی۔ ایک روز کی ٹکٹ 95 درہم میں ہو گی، جبکہ مسلسل تیس روز کی ٹکٹ کے لیے 195 درہم ادا کرنا ہوں گے جبکہ پورے سیزن میں جب مرضی داخلے کے لیے خصوصی ٹکٹ 495 درہم میں دستیاب ہوگی۔ اس ٹکٹ پر تمام پویلینزمیں داخلے کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ تفریحی ایونٹس اور لائیو پرفارمنسز سے بھی لطف اندوز ہو جایا سکے گا۔ روزانہ 60 کے قریب لائیو ایونٹس ہوا کریں گے جن میں ورلڈ کلاس فنکار پرفارمنس دیں گے۔







