متحدہ عرب امارات

کاروباری میدان میں بہترین کارکردگی پر ایمریٹس کا ملازمین کے لیے 22 ہفتوں کی تنخواہ پر مشتمل بونس کا اعلان

خلیج اردو
دبئی: ایمریٹس گروپ نے مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ منافع حاصل کرنے کے بعد اپنے ملازمین کے لیے غیر معمولی بونس کا اعلان کیا ہے۔ اس بار گروپ کی جانب سے ملازمین کو 22 ہفتوں کی تنخواہ کے برابر بونس دیا جائے گا، جو مئی کی تنخواہ کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

شیخ احمد بن سعید المکتوم، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو ایمریٹس ایئرلائن اور گروپ، نے ملازمین کو بھیجے گئے ای میل میں کہا کہ “2024-25 کا سال شاندار رہا، جس کا اختتام ایک ایسے مالیاتی رپورٹ کارڈ پر ہوا جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔”

انہوں نے مزید لکھا: “آپ کے غیر معمولی جذبے، کاروباری دنیا میں بہترین بننے کے عزم، اور ریکارڈ مالی نتائج کے حصول میں مرکزی کردار پر میں 22 ہفتوں کے بونس کا اعلان کرتا ہوں، جو آپ کو مئی کی تنخواہ کے ساتھ موصول ہوگا۔”

ایمریٹس گروپ نے گزشتہ سال بھی اپنے ملازمین کو 20 ہفتوں کی تنخواہ کے برابر بونس دیا تھا، جبکہ 2022-23 میں 24 ہفتوں کا بونس دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ دبئی میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ، رہائش اور ٹرانسپورٹ الاؤنس میں اضافہ، اور ستمبر 2023 سے تعلیمی معاونت الاؤنس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button