متحدہ عرب امارات

امارات کارگو طیارہ ہانگ کانگ میں رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا، دو افراد ہلاک

خلیج اردو
ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والا امارات اسکائی کارگو کا ایک طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

حادثے کے بعد جاری تصاویر میں بوئنگ 747 طیارہ ایئر ایکٹ کی لِوری کے ساتھ سمندر میں جزوی طور پر ڈوبا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جس میں ایمرجنسی سلائیڈ کھلی ہوئی اور طیارے کا اگلا اور پچھلا حصہ الگ ہوا نظر آرہا ہے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارے میں موجود چاروں عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تاہم رن وے کے قریب ایک زمینی گاڑی کو طیارے کی ٹکر سے نقصان پہنچا، جس میں موجود دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

ہانگ کانگ سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ پیر کی صبح ساڑھے تین بجے پیش آیا جب طیارہ شمالی رن وے سے ہٹ کر سمندر میں جا گرا۔ بیان میں کہا گیا کہ "دو گراؤنڈ اسٹاف سمندر میں گر گئے، جن کی حالت کی تصدیق ہونا باقی ہے۔”

امارات ایئرلائن نے وضاحت کی کہ حادثے کا شکار پرواز EK9788 ایک بوئنگ 747 کارگو طیارہ تھا جو ترک کمپنی ایکٹ ایئرلائنز کے ذریعے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔ ایئرلائن کے مطابق طیارے میں کوئی کارگو موجود نہیں تھا اور تمام عملہ محفوظ رہا۔

ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ پیر کو پروازوں کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی یا تاخیر نہیں ہوگی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ نے حادثے کی اطلاع ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی کو دے دی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button