متحدہ عرب امارات

ایئر چائنا کی پرواز میں آگ کا واقعہ، پاور بینک کے استعمال پر پابندی کی وجہ واضح ہوگئی

خلیج اردو
گزشتہ ہفتے ہانگژو سے انچیون جانے والی ایئر چائنا کی پرواز میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ سے دھواں اٹھنے لگا۔ ویڈیوز میں عملہ آگ بجھانے کی کوشش کرتا دکھائی دیا۔ بعد ازاں تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ آگ لیتھیئم بیٹری سے لگی تھی۔ طیارہ محفوظ طور پر شنگھائی کی جانب موڑ دیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے ایک بار پھر ہوابازی کے ماہرین کو خبردار کر دیا کہ چھوٹے آلات فضا میں بڑے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔

اس واقعے کے بعد لیتھیئم بیٹریوں کے استعمال اور ان کی پیکنگ کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز پہلے ہی حفاظتی اقدامات سخت کر چکی ہیں۔

عالمی ادارہ برائے ہوابازی (IATA) نے حال ہی میں "ٹریول اسمارٹ ود لیتھیئم بیٹریز” مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ مسافروں کو ری چارج ایبل بیٹریوں کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہی دی جا سکے۔ آئی اے ٹی اے کے سینئر نائب صدر نک کیرین کے مطابق لیتھیئم سے چلنے والے آلات محفوظ ہیں اگر انہیں درست طریقے سے استعمال کیا جائے، لیکن غلط پیکنگ یا نقصان کی صورت میں یہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق 93 فیصد مسافروں کو بیٹری کے قوانین کا علم ہے، لیکن نصف سے زائد یہ غلط سمجھتے ہیں کہ پاور بینک چیک ان بیگ میں رکھا جا سکتا ہے۔

یو اے ای کی ایئر لائنز — امارات، فلائی دبئی اور اتحاد — نے یکم اکتوبر 2025 سے جہاز کے اندر پاور بینک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اب ہر مسافر صرف ایک پاور بینک اپنے ہینڈ بیگ میں لے جا سکتا ہے، اسے بند رکھنا لازمی ہے، اور 100 واٹ آور سے زیادہ کی بیٹریاں سختی سے ممنوع ہیں۔ پاور بینک کو اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ میں رکھنے کی اجازت نہیں، بلکہ اسے سامنے والی نشست کے نیچے یا پاکٹ میں محفوظ رکھنا لازمی ہے۔

ماہرین کے مطابق پاور بینک لیتھیئم آئن یا لیتھیئم پولیمر سیلز سے بنتے ہیں، جو زیادہ چارج یا نقصان کی صورت میں گرم ہو کر آگ یا دھماکے کا باعث بن سکتے ہیں۔ اسی عمل کو "تھرمل رن وے” کہا جاتا ہے، جو ہزار ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت پیدا کر سکتا ہے۔

ماہرین نے زور دیا ہے کہ مسافروں کو بیٹریوں سے متعلق بنیادی حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا چاہیے، جن میں اضافی بیٹریوں کو محفوظ پیکنگ میں رکھنا، نقصان کی صورت میں فوری اطلاع دینا، اور پرواز سے قبل ایئر لائن کے قواعد کی جانچ شامل ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button