خلیج اردو (ویب ڈیسک)ابو ظہبی میں جہاں آگ بجھانے کا عملہ انسانی زندگیوں کو بچانے کا کام سرانجام دیتا ہے وہیں ابو ظہبی سول ڈیفنس اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ اس کے عملے کی اپنی جان بھی ہر حال میں بچائ جائے۔انتظامیہ نے سوموار کو اپنی نوعیت کا ایسا پہلا ٹرک سول ڈیفنس کے حوالے کیا ہے جو کہ آکسیجن سیلنڈرز سے لیس ہے جسے آگ بجھانے والا عملہ باآسانی دوران آپریشن سانس لینے میں تکلیف کی صورت میں استعمال کر سکے گا۔
ابو ظہبی سول ڈیفنس کے مطابق یہ ٹرک اپنی نوعیت کا پہلا ٹرک ہے جو اس خطے میں سامنے لایا گیا ہے۔یہ آکسیجن سیلنڈرز بلکل ویسے ہی ہیں جو ایمبولینس میں استعمال کیے جاتے ہیں اور انہیں باآسانی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سول ڈیفنس کے ایک عہدیدار کا آگ بھجانے والے عملے سے کہنا تھا کہ”اگر آپ کو ایسی صورتحال درپیش ہو جس میں آپ کو آگ بجھانے کے دوران دھویں یا کیمیائی عمل کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری پیش آئے تو آپ باآسانی ٹرک کے اندر اپنی سیٹ کے نیچے سے آکسیجن حاصل کرسکتے ہیں۔ٹرک کے اندر سیلنڈر کا ایک والو لگایا گیا ہے اور عملے کو آکسیجن لینے کے لیے بس اس والو کو آن کرنا ہوگا”۔
ٹرک کے اندر پانچ آکسیجن سیلنڈر لگائے گئے ہیں فی عملہ ایک سیلنڈر استعمال ہوسکتا ہے۔عملہ باآسانی اپنے ماسک سیلنڈر والو سے لگا کر سانس لے سکتا ہے۔
ابو ظہبی سول ڈیفنس شعبہ انتظام کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برگیڈیئر محمد ابراہیم ال امری کا کہنا تھا کہ ” یہ نیا جدید ٹرک اس کاوش کا حصہ ہے کہ جس کے ذریعے سول ڈیفنس کے عملے کو جدید اور خودکار مشینری مہیا کی جارہی ہے۔انتظامیہ نے دوران آپریشن عملے کی حفاظت کے لیے جدید اور خودکار مشینری حاصل کی ہے تاکہ آگ بجھانے والے عملے کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے”۔
سول ڈیفنس کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ "ہم نے اپنے عملے کو بہترین ذاتی حفاظت کے آلات فراہم کئیے ہیں اور ایک ایسا نیا نظام بھی متعارف کروایا ہے کہ جس کے ذریعے آگ بجھاتے وقت کم سے کم پانی اور کیمیکلز کا استعمال ہو تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے”۔
ابو ظہبی سول ڈیفنس کا ادارہ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ اس کا عملہ جدید عالمی سہولیات سے ہمہ وقت لیس ہو تاکہ ابو ظہبی کو ایک مثالی اور مزید محفوظ شہر بنایا جاسکے۔
Source : khaleej times







