
خلیج اردو
ابوظہبی / ریاض / دوحہ / منامہ: ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور بحرین نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں، اور تمام تجارتی و مسافر پروازیں معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے ہوابازی حکام کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول اب مکمل طور پر معمول پر آ گیا ہے اور فلائٹ آپریشن بلاتعطل جاری ہے۔ ہوائی اڈے پر سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں لیکن کسی قسم کی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔
قطر، سعودی عرب اور بحرین نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان کی فضائی حدود اب محفوظ ہیں اور تمام ملکی و غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ائیرلائنز نے اپنے مسافروں کو مطلع کر دیا ہے کہ تاخیر کا شکار پروازیں بھی اب روانہ ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اسرائیل تنازع شدت اختیار کرنے کے بعد خلیجی ممالک نے احتیاطی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس سے ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے تھے۔