عالمی خبریں

جنگ بندی کے آخری لمحے تک اسرائیل پر حملے جاری رکھیں گے، ایرانی وزیر خارجہ

خلیج اردو
 تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باضابطہ آغاز اگلے 6 گھنٹوں میں ہو گا اور 24 گھنٹوں میں دنیا اس 12 روزہ جنگ کے اختتام کو سلام پیش کرے گی۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر اپنے بیان میں کہا: "تمام لوگوں کو مبارک ہو! ایران اور اسرائیل نے مکمل جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔” انہوں نے وضاحت کی کہ ایران جنگ بندی کا آغاز کرے گا، 12 گھنٹوں بعد اسرائیل بھی جنگ روک دے گا، اور 24 گھنٹے بعد اس جنگ کا خاتمہ باضابطہ طور پر تسلیم کیا جائے گا۔

قطر کا اہم سفارتی کردار
میڈیا رپورٹس کے مطابق، قطر میں امریکی اڈے پر ایرانی حملے کے بعد صدر ٹرمپ نے فوری طور پر قطری وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور ایران کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے کی درخواست کی۔ قطری قیادت نے ایک مؤثر سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے ایرانی حکام سے بات چیت کی، جس کے نتیجے میں تہران نے چند گھنٹوں کے اندر امریکی تجویز کو اصولی طور پر قبول کر لیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایران کے ممکنہ جوابی حملوں کا شدید خطرہ محسوس ہو رہا تھا، جس کے باعث اس نے واشنگٹن سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سٹیو وٹکوف نے ایرانی حکام سے براہ راست اور بالواسطہ رابطے کیے۔

صدر ٹرمپ نے پیر کی سہہ پہر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر بات کی، جس میں اسرائیل نے اس شرط پر جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی کہ اگر ایران مزید حملے نہ کرے۔

ایرانی مؤقف: "سزا مکمل ہونے تک حملے جاری رہیں گے”
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ جنگ بندی کے وقت کے آغاز سے پہلے تک ایرانی افواج کے حملے جاری رہیں گے تاکہ اسرائیل کو اس کی جارحیت کی مکمل سزا دی جا سکے۔ اپنے بیان میں انہوں نے ایرانی افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل نے حملے بند رکھے تو ایران کی جانب سے مزید جوابی کارروائی کی ضرورت نہیں رہے گی۔

تاہم عراقچی نے واضح کیا کہ فی الحال ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی یا فوجی کارروائیوں کے مکمل خاتمے پر کوئی باقاعدہ معاہدہ طے نہیں پایا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشنز مکمل طور پر روکنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button