متحدہ عرب امارات

دبئی کی معروف شخصیات کی حکومتی حفاظتی اقدامات کی تعریف، عوام کو سرکاری معلومات پر انحصار کا مشورہ

خلیج اردو
خلاصہ: دبئی کی نمایاں کاروباری اور سماجی شخصیات نے موجودہ کشیدہ صورتحال میں حکومتی حفاظتی اقدامات کو سراہتے ہوئے عوام کو افواہوں سے گریز اور مستند معلومات پر انحصار کرنے کی تلقین کی۔

دبئی
غیریقینی صورتحال میں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کے پھیلاؤ کے دوران ملک کی معروف شخصیات نے امید، اتحاد اور استحکام کا پیغام دیتے ہوئے عوام سے سرکاری ذرائع پر اعتماد کرنے کی اپیل کی ہے۔

کاروباری شخصیت اور انٹرویو میزبان انس بخاش نے قومی قیادت اور حکام پر اعتماد کو "پُرسکون اعتماد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو اپنا گھر بنانے والے دو سو سے زائد قومیتوں کے افراد کی امید اور سکون اس اعتماد کا ثبوت ہے۔

دوسری جانب ریڈیو میزبان کرس فیڈ نے بھی اپنے پیغامات میں بتایا کہ وہ اور ان کا خاندان محفوظ ہیں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کو شیئر کرنے سے قبل سرکاری ذرائع سے تصدیق ضرور کریں۔

معروف کاروباری خاتون مونا کٹن نے اپنے پیغام میں کمیونٹی کے اتحاد اور ایمان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت اجتماعی طاقت اور یکجہتی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے عوام سے دعا اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنے خاندانوں اور معاشرے کے تحفظ کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی۔

اسی طرح کاروباری شخصیت ابراہیم السمدی نے اپنے پیغام میں متحدہ عرب امارات سے وفاداری اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر یقینی حالات میں کردار کا اصل امتحان ہوتا ہے اور ہمیں خوف اور تقسیم کو مسترد کرتے ہوئے متحد رہنا ہوگا۔

ادھر فیشن سے وابستہ شخصیت کیرن وازن نے ہوائی اڈوں کی بندش کے باعث ملک سے باہر ہونے کے باوجود حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اپنے خاندان سے دوری مشکل رہی تاہم وہ اس بات پر مطمئن ہیں کہ ان کے بچے محفوظ ہیں۔

ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں سرکاری ہدایات پر عمل اور اجتماعی استحکام کو فروغ دینا ہی معاشرتی تحفظ اور اعتماد کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button