
خلیج اردو
خلیجی ممالک کے درمیان فضائی سفر اور سفری حالات میں بہتری کے باعث سفر کی سرگرمیاں بتدریج جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آنے لگی ہیں، ٹریول ایجنٹس کے مطابق خطے کے اندر سفر میں نمایاں بحالی دیکھی جا رہی ہے
ٹریول انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بین الاقوامی مسافر اب بھی خطے کا سفر کرنے میں محتاط ہیں تاہم خلیجی ممالک کے درمیان سفر میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے
پنوی ٹورازم کے سی ای او امتیاز حسین ناصر نے کہا کہ جی سی سی کا سفری شعبہ توقعات سے زیادہ تیزی سے بحال ہو رہا ہے، مسافروں میں اب بھی کچھ احتیاط موجود ہے تاہم سفر کی خواہش ختم نہیں ہوئی
انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں سفری طلب ختم نہیں ہوئی بلکہ ملتوی ہوئی ہے اور مستقل جنگ بندی کی صورت میں آئندہ چند ماہ کے دوران خلیج کے موسم سرما کے سیاحتی سیزن کے حوالے سے پرامید ہیں
جیوو ٹریول کے بانی اور سی ای او جیفری سلاتان کے مطابق خلیجی اور علاقائی سفر تیزی سے بحال ہو رہا ہے کیونکہ مسافر مختصر اور آسان سفروں کو ترجیح دے رہے ہیں
مسافر ڈاٹ کام کے مطابق تفریحی سفر اور عزیز و اقارب سے ملاقات کے لیے سفر جنگ سے پہلے کی سطح کے تقریباً 85 فیصد تک بحال ہو چکا ہے جبکہ کاروباری سفر تقریباً 70 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے
خلیجی ممالک کے درمیان تفریحی سفر کے لیے صلالہ جبکہ کاروباری سفر کے لیے ریاض سرفہرست مقامات میں شامل ہیں
ماہرین کے مطابق خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے تاہم خلیج میں سیاحت کے شعبے کی بحالی سال کی چوتھی سہ ماہی تک مزید تیز ہونے کی توقع ہے
کیونڈش میکسویل کے مطابق علاقائی جنگ کے باعث سال کی پہلی ششماہی میں ہوٹلوں کی بکنگ میں تقریباً 30.3 فیصد کمی کے بعد آئندہ چار ماہ کے دوران ہوٹلوں میں گنجائش کے استعمال کی شرح 60 سے 66 فیصد تک بحال ہونے کی توقع ہے







