
خلیج اردو
خلیجی جنگ اپنے دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے، جس میں امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں شہری آبادیوں اور اہم فوجی مراکز پر شدید حملے کیے۔ مہرآباد ایئرپورٹ دھماکوں سے گونج اٹھا اور تہران کے آزادی ٹاور کے قریب بمباری سے کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ ایرانی ہلال احمر کے مطابق شہدا کی تعداد 1,332 ہو گئی ہے، جن میں 119 خواتین اور طبی عملے کے آٹھ ارکان بھی شامل ہیں۔
امریکی سینٹکام نے دعویٰ کیا کہ ایران کے 30 سے زائد بحری جہاز تباہ ہو گئے ہیں، جبکہ اسرائیل کے 80 سے زائد لڑاکا طیاروں نے جدید ہتھیاروں سے امام حسین ملٹری یونیورسٹی، پاسداران انقلاب کے تربیتی مراکز اور زیر زمین میزائل ذخائر، فوجی بنکرز اور کمانڈ سینٹر تباہ کیے۔ صوبہ کردستان میں بھی اسکول پر حملہ ہوا جس سے عمارت تباہ ہو گئی۔
حالیہ حملوں میں 3,643 شہری مراکز متاثر ہوئے، 3,090 رہائشی یونٹس، 528 تجارتی مراکز اور 24 طبی مراکز کو نقصان پہنچا۔ لبنان میں اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ کی امن فورس کے تین اہلکار زخمی ہوئے۔ ایران کے بھرپور جوابی حملوں کے بعد امریکہ نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے تیسرے بحری بیٹرے، یو ایس ایس جارج کو مشرق وسطی بھیجنے کا فیصلہ کیا، جبکہ دو دیگر بحری بیٹرے پہلے سے موجود ہیں۔







