
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہریوں کے لیے کنسولر خدمات کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت 1 جولائی سے نئی سروس فراہم کرنے والی کمپنی خدمات سنبھالے گی۔
انڈین سفارتخانے کے مطابق 26 سے 30 جون تک پاسپورٹ، ویزا اور اٹیسٹیشن کی معمول کی اپائنٹمنٹس عارضی طور پر معطل رہیں گی، جبکہ صرف ہنگامی خدمات جاری رہیں گی۔
اس منتقلی کے باعث موجودہ سروس فراہم کنندگان بی ایل ایس انٹرنیشنل اور ایس جی آئی وی ایس گلوبل 25 جون کے بعد نئی درخواستیں قبول نہیں کریں گے۔
حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال میں پاسپورٹ، ویزا اور اٹیسٹیشن خدمات براہ راست ابوظہبی اور دبئی میں بھارتی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
نئے نظام کے تحت الحند ٹورز اینڈ ٹریولز ایل ایل سی 1 جولائی سے متحدہ عرب امارات بھر میں کنسولر خدمات کا مرکزی کنٹریکٹر ہوگا، جو 16 مراکز قائم کرے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دبئی کے بر دبئی علاقے میں سب سے بڑا مرکز قائم کیا جائے گا، جبکہ خدمات کو تیز اور سستا بنانے کے لیے فیس ڈھانچے میں بھی بہتری لائی جائے گی۔







