متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں بھارتی شہریوں کو بائیومیٹرک ڈیٹا کے ذریعے فراڈ سے خبردار کردیا گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بھارتی شہریوں کو ایسے فراڈ سے خبردار کیا گیا ہے جس میں جعلساز ویزا، ایمرجنسی سرٹیفکیٹ، ایگزٹ پرمٹ، ایمریٹس آئی ڈی اور ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے ذاتی اور بائیومیٹرک معلومات حاصل کررہے ہیں۔

دبئی میں بھارتی قونصلیٹ جنرل نے 31 اگست کو جاری ایڈوائزری میں کہا ہے کہ متعدد بھارتی شہریوں بالخصوص بلیو کالر ورکرز کو ایسے افراد نشانہ بنا رہے ہیں جو امیگریشن اور دستاویزی معاملات میں مدد فراہم کرنے کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں۔

جعلساز مبینہ طور پر متاثرہ افراد سے پاسپورٹ، ایمریٹس آئی ڈی اور بائیومیٹرک معلومات حاصل کرتے ہیں جن میں چہرے، آنکھوں اور فنگر پرنٹس کے اسکین شامل ہیں۔

قونصلیٹ کے مطابق یہ معلومات مالی لین دین، بینک اکاؤنٹس کھولنے یا متاثرہ افراد کی اجازت کے بغیر قرضے اور کریڈٹ کارڈز حاصل کرنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔

بائیومیٹرک ڈیٹا کے غلط استعمال سے متاثرہ افراد نامعلوم مالی ذمہ داریوں اور لین دین میں پھنس سکتے ہیں جبکہ انہیں جرمانے، سفری پابندی اور بعض صورتوں میں قید کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

بھارتی قونصلیٹ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاسپورٹ، ایمریٹس آئی ڈی، بائیومیٹرک ڈیٹا یا ذاتی و مالی معلومات غیر مجاز افراد یا ایجنسیوں کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

قونصلیٹ کے مطابق ایگزٹ پرمٹ، ایمریٹس آئی ڈی یا ویزا ریگولرائزیشن کے لیے درکار بائیومیٹرک اسکین صرف متحدہ عرب امارات کی سرکاری سہولیات اور مجاز کاؤنٹرز پر جمع کرائے جائیں۔ کسی نجی فرد، ایجنٹ یا تیسرے فریق کو یہ معلومات فراہم نہ کی جائیں۔

قونصلیٹ نے واضح کیا کہ دبئی میں بھارتی قونصلیٹ جنرل یا ابوظہبی میں بھارتی سفارتخانہ پاسپورٹ یا ایمرجنسی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے درخواست گزاروں سے فنگر پرنٹ، چہرے یا آنکھوں کے اسکین نہیں مانگتا۔

بھارتی قونصلیٹ کے مطابق سفارتخانے کے نام پر ایسا بائیومیٹرک ڈیٹا طلب کرنے والا کوئی بھی شخص یا ایجنٹ فراڈ میں ملوث ہوسکتا ہے۔

ایسے افراد یا ایجنسیوں سے رابطہ کرنے والے بھارتی شہری 80046342 پر ٹول فری نمبر کے ذریعے یا واٹس ایپ اور ایس ایم ایس پر 00971543090571 کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ ای میل کے ذریعے pbsk.dubai@mea.gov.in پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔

قونصلیٹ نے رہائشیوں اور وزٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ امیگریشن سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے افراد یا ایجنسیوں کی اسناد کی تصدیق کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قونصلیٹ یا متعلقہ اماراتی حکام کو دیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button