
خلیج اردو
عباس عراقچی نے جوزف عون کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کو ایران نہیں بلکہ اپنے "اصل دشمن” سے بچانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جوزف عون کے تبصروں سے ایسا لگتا ہے جیسے لبنان کے ایک بڑے حصے پر ایران نے قبضہ کر رکھا ہو، لاکھوں لبنانیوں کو بے گھر کیا ہو اور روزانہ لبنان پر بمباری کر رہا ہو۔ انہوں نے لبنانی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "لبنان کو اپنے حقیقی دشمن سے بچائیں۔”
یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب صدر جوزف عون نے ایک روز قبل کہا تھا کہ ایران، لبنان کو امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایک سودے بازی کے مہرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور اس کی قیمت لبنانی عوام ادا کر رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر لبنان واقعی ایران کے لیے سودے بازی کا مہرہ ہوتا تو بہت پہلے کسی معاہدے تک پہنچا جا چکا ہوتا۔
لبنان اور ایران کے درمیان یہ تازہ لفظی جنگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی اور سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ مختلف علاقائی تنازعات کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔







