
خلیج اردو
دبئی میں کار شوروم میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بھارتی شہری کے ساتھی نے واقعے کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دھماکے کے وقت مقتول کے بالکل قریب موجود تھا لیکن معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ساتھی ملازم کے مطابق پیر کی دوپہر شوروم کی پہلی منزل پر معمول کے مطابق کام جاری تھا کہ اچانک نیچے سے شور اور آگ پھیلنے کی اطلاع ملی۔
ملازمین اپنے باس سمیت عمارت سے باہر نکلنے لگے اور اسی دوران گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
ملازم نے بتایا کہ اسے دھماکے کی صرف زوردار آواز یاد ہے جس کے بعد کیا ہوا اسے زیادہ یاد نہیں۔ اس نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی کے بالکل پیچھے تھا اور اسے یقین نہیں آتا کہ اس کا ساتھی جان سے چلا گیا جبکہ وہ محفوظ رہا۔
دبئی سول ڈیفنس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد آگ اور دھماکے کی صورتحال پر ایک گھنٹے کے اندر قابو پالیا گیا جبکہ متاثرہ افراد کو ضروری امداد فراہم کی گئی۔
بھارتی قونصل خانے کے مطابق جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت ایس پی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے تھا۔
27 سالہ ایس پی تقریباً 8 ماہ قبل دبئی آیا تھا اور کمپنی میں ملٹی میڈیا مارکیٹنگ اسپیشلسٹ کے طور پر کام کررہا تھا۔ اس کی شادی کو ابھی ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا تھا۔
متاثرہ شخص کے ایک رشتہ دار کے مطابق وہ پیر کی شام ایس پی سے ملاقات کرنے والا تھا لیکن اسے اچانک فون پر بتایا گیا کہ وہ زخمی ہوگیا ہے۔
رشتہ دار نے بتایا کہ جب وہ اسپتال پہنچا تو ایس پی دم توڑ چکا تھا اور اب خاندان ضروری قانونی کارروائی اور کاغذی کارروائی مکمل ہونے کا انتظار کررہا ہے تاکہ میت کو آخری رسومات کے لیے بھارت منتقل کیا جاسکے۔
ساتھی ملازم کے مطابق بعض ملازمین اور قریبی دفاتر کے افراد آگ بجھانے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی دوران گیس سلنڈر پھٹ گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
شوروم انتظامیہ نے واقعے پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس وقت انتظامیہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کی مدد کو ترجیح دے رہی ہے۔






