متحدہ عرب امارات میں اپنے ملک واپس جانا والا غیر ملکی راس الخیمہ ائیرپورٹ پر انتقال کر گیا، بیٹے کے امتحان پاس کرنے کی خوشی میں گھر واپس جا رہا تھا، ائیرپورٹ پر طبیعت خراب ہونے کے بعد وہیں انتقال کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے راس الخیمہ ائیرپورٹ پر ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ ہندوستان گھر واپس جانے والا ہندوستانی شخص ائیرپورٹ پر ہی انتقال کر گیا۔ 50 سالہ بھارتی شخص اپنے بیٹے کے امتحان میں کامیابی پر بے انتہاء خوش تھا، اور اسی لیے گھر واپس جا رہا تھا۔ انتقال کر جانے والا شخص گھر پہنچ کر اہل خانہ کو سرپرائز دینا چاہتا تھا اور بیٹے کو مبارکباد دینے کا بھی خواہش مند تھا۔
تاہم ائیرپورٹ پہنچنے پر اس شخص کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، اور وہیں اس کا انتقال ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ 50 سالہ شخص 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کا والد تھا۔ کرونا وائرس بحران کے باعث 3 ماہ قبل اس کی نوکری چلی گئی تھی، جس کے بعد سے وہ بے روزگار تھا۔ کچھ روز قبل ہی اس کے پاسپورٹ کی تجدید ہوئی تھی اور مخیر حضرات نے اس کیلئے فضائی سفر کے اخراجات برداشت کیے تھے۔ ہندوستانی شخص کو افسوس تھا کہ بے روزگاری کے باعث وہ اپنے بیٹے کیلئے موبائل فون کا تحفہ نہ لے سکا، لیکن اسے یہ خوشی تھی کہ وہ اپنے گھر واپس جا رہا ہے۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والا شخص گھر پہنچ کر اپنے اہل خانہ کیلئے خوشی کا باعث بننا چاہتا تھا، تاہم ائیرپورٹ پر عین فلائٹ پر سوار ہونے سے قبل ہی وہ دنیا سے کوچ کر گیا۔
Source : Gulf News







