
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے 3 نومبر 2025 کو یومِ پرچم کے موقع پر ابوظہبی کے تاریخی قصر الحصن میں قومی پرچم بلند کیا۔
تقریب میں ملک بھر سے ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اس موقع پر اپنے وطن سے وفاداری اور اتحاد کے عزم کا اعادہ کیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پرچم ہمارے لیے اس سفر پر غور کرنے کا موقع ہے جس نے متحدہ عرب امارات کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم سب پر قومی اقدار کو برقرار رکھنے اور مستقبل کی نسلوں کے لیے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کا قومی دن (جسے اب عید الاتحاد کہا جاتا ہے) ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے، جو 1971 میں ملک کے قیام اور شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کے صدر منتخب ہونے کے دن کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ جبکہ یومِ پرچم 3 نومبر کو ملک کے دوسرے صدر، شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے اقتدار سنبھالنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
3 نومبر سے 2 دسمبر تک کے عرصے کو قومی مہینہ (National Month) کہا جاتا ہے، جس کا مقصد ان تاریخی مواقع کو قومی فخر کے جذبے کے ساتھ منانا ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
یومِ پرچم کو باقاعدہ طور پر شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران نے 11 دسمبر 2012 کو قومی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا، اور پہلی مرتبہ 2013 میں اسے منایا گیا۔







