متحدہ عرب امارات

خطے میں کشیدگی کے باعث یو اے ای کمپنیوں کا ہائبرڈ اور ریموٹ ورک متعارف، ملازمین کی حفاظت اور کاروباری تسلسل کیلئے گھر سے کام کی اجازت

خلیج اردو:
یو اے ای میں جاری علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر نجی کمپنیوں نے ملازمین کی حفاظت کیلئے ہائبرڈ اور گھر سے کام کی پالیسی نافذ کرنا شروع کر دی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کئی نجی کمپنیوں نے موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران اپنے ملازمین کی حفاظت اور کاروباری تسلسل برقرار رکھنے کیلئے ہائبرڈ اور ریموٹ ورک پالیسیز نافذ کر دی ہیں۔

ایچ آر ماہرین کے مطابق یو اے ای کا کارپوریٹ ماحول گزشتہ چند برسوں میں اس قدر ترقی کر چکا ہے کہ اب کمپنیاں ہنگامی حالات میں فوری طور پر گھر سے کام کے انتظامات فعال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Adecco یو اے ای کے آپریشنز ہیڈ سنجیو گری کے مطابق، "متعدد اداروں نے پہلے ہی ہائبرڈ یا ریموٹ ورکنگ فریم ورک کو اپنے آپریٹنگ ماڈلز کا حصہ بنا لیا ہے جس کے تحت ملازمین کو جہاں ممکن ہو گھر سے کام کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنیاں ملازمین کے اوقات کار میں نرمی، رپورٹنگ کے نظام میں بہتری اور اندرونی روابط بڑھا کر پیداواری صلاحیت اور ذہنی دباؤ کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اتوار کے روز Ministry of Human Resources and Emiratisation نے نجی شعبے کے آجروں کو ہدایت دی کہ وہ ضروری اقدامات کریں تاکہ کارکنوں کو کھلے مقامات پر موجودگی سے بچایا جا سکے اور جہاں ممکن ہو ریموٹ ورک کو ترجیح دی جائے۔

دوسری جانب Genie Recruitment کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نِکی ولسن کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے متعدد ادارے حکومتی ہدایات کے مطابق عارضی طور پر ورک فرام ہوم پالیسیز نافذ کر رہے ہیں۔

فضائی حدود کی بندش کے باعث بیرونِ ملک پھنسے ملازمین کے حوالے سے بھی کمپنیوں نے لچکدار رویہ اختیار کیا ہے، جہاں ممکن ہو انہیں ریموٹ ورک کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ دیگر صورتوں میں سالانہ یا خصوصی چھٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button