
خلیج اردو:
ایران پر حملے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار، 100 انڈیکس میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کمی پر کاروبار عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔
ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملے کے بعد پاکستان اسٹاک اسیکچینج میں شدید مندی دیکھنے میں آئی اور کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری دن کے آغاز پر ہنڈریڈ انڈیکس گر کر ایک لاکھ 52 ہزار 991 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا جس کے بعد مارکیٹ میں ٹریڈنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ہنڈریڈ انڈیکس اور کے ایس ای تھرٹی انڈیکس میں 10 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ قواعد کے مطابق کے ایس ای تھرٹی انڈیکس میں مسلسل پانچ منٹ تک پانچ فیصد کمی کی صورت میں کاروبار روک دیا جاتا ہے۔
پاکستان اسٹاک اسیکچینج کے مطابق کاروبار ایک گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کے بعد ٹریڈنگ صبح 10 بج کر 22 منٹ پر دوبارہ شروع کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں خطے کی دیگر مارکیٹس کے مقابلے میں زیادہ مندی دیکھی جا رہی ہے جبکہ سرمایہ کار شدید گھبراہٹ کا شکار نظر آ رہے ہیں۔






