متحدہ عرب امارات

رینٹل اسکینڈل نے دبئی میں غیر ملکیوں کو تشویش میں مبتلا کردیا

خلیج اردو
دبئی – دبئی میں حالیہ دنوں ایک نیا رینٹل اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے جس نے خاص طور پر بجٹ پر رہنے والے غیر ملکیوں کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ مبینہ "ایجنٹس” سوشل میڈیا پر سستے کمروں یا فلیٹس کی پرکشش تصاویر پوسٹ کرتے ہیں، ایڈوانس کے نام پر رقم وصول کرتے ہیں، اور پھر غائب ہو جاتے ہیں۔

ہندوستان سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ڈینٹل اسسٹنٹ وی ایس نے ایک فیس بک اشتہار پر بھروسہ کر کے بر جمان مال کے قریب ایک کمرہ بک کرانے کے لیے 500 درہم منتقل کیے، مگر رقم لینے کے بعد ایجنٹ نے رابطہ ختم کر دیا۔

اسی طرح 28 سالہ تیونسی نژاد نوریٰ دو بار اس اسکینڈل کا شکار ہوئیں۔ پہلے انہوں نے البرشاء میں ایک فلیٹ بک کرنے کے لیے 300 درہم بھیجے، اور پھر دبئی مرینا میں ایک اور اپارٹمنٹ کے لیے 1,000 درہم کی ادائیگی کی، مگر دونوں بار "ایجنٹس” نے بلاک کر دیا۔

ایک فلپائنی خاتون، لِز راموس، نے موقع پر دھوکہ دہی کو بھانپ لیا۔ ایک اشتہار میں دعویٰ کیا گیا کہ "مالک مکان” برطانیہ میں ہے اور دبئی میں اپارٹمنٹ کی ویڈیو ٹور دے سکتی ہے۔ جب خاتون نے ذاتی معائنہ کی خواہش کی، تو مالک نے بات Booking.com پر مکمل کرنے پر زور دیا۔ اس مشکوک رویے نے خاتون کو بروقت پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔

جعلی شیئرنگ اپارٹمنٹ کی پیشکش

کچھ اسکیمز اس سے بھی زیادہ پیچیدہ ہیں۔ ان میں کرایہ داروں کو جائز رہائش گاہ کا تاثر دیا جاتا ہے، مگر اصل میں وہ غیرقانونی یا ناقابلِ رہائش مقامات ہوتے ہیں۔

ہندوستان سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ کرتیکا، جو 2024 میں دبئی منتقل ہوئیں، Dubizzle پر شیخ زاید روڈ پر ایک دو کمروں کا اپارٹمنٹ دیکھ کر مطمئن ہوئیں۔ مگر جب وہ وہاں پہنچیں تو معلوم ہوا کہ پہلے ہی چھ خواتین رہ رہی ہیں — دو ہر کمرے میں اور تین ہال میں۔

انہیں ہال میں ایک پارٹیشن کے بدلے 1,800 درہم دینے کو کہا گیا، جبکہ داخلے کے لیے "مہمان” بن کر آنا پڑتا تھا کیونکہ عمارت کی سیکیورٹی پارٹیشنز کی اجازت نہیں دیتی۔ ایک مہینے کے اندر ایجنٹ نے 21,200 درہم جمع کیے، اور پھر تمام رہائشیوں سے رابطہ منقطع کر دیا۔

سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے فراڈ

Facebook اور Dubizzle جیسے پلیٹ فارم ان اسکینڈلز کا گڑھ بن چکے ہیں۔ حال ہی میں دبئی پولیس نے ایک جعلی ایجنٹ کو گرفتار کیا جو فیک اشتہارات سے رہائشیوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔

ریئل اسٹیٹ ماہرین کی وارننگ

ریرا (RERA) سے منظور شدہ ایجنٹس اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ان فراڈز کی وجہ سے جائز سودے بھی متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ لوگ اب حد سے زیادہ محتاط ہو گئے ہیں۔

رہائش کے دھوکے سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ اور ریئل اسٹیٹ ماہرین درج ذیل احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہیں:

  • صرف RERA سے رجسٹرڈ ایجنٹس سے رابطہ کریں۔

  • فلیٹ کے مالکان کی دستاویزات اور اجازت نامے چیک کریں۔

  • Dubai REST جیسی آفیشل ایپلی کیشنز سے پراپرٹی کی سند اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کریں۔

  • معاہدے سے پہلے مکمل معلومات حاصل کریں اور فوری ادائیگی سے گریز کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button