
خلیج اردو
دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ (DGHR) نے نئے سال 2026 کے موقع پر یکم جنوری 2026 کو دبئی کی تمام سرکاری محکموں کے لیے باضابطہ سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈی جی ایچ آر کے مطابق سرکاری دفاتر میں کام دو جنوری 2026 سے دوبارہ شروع ہوگا، تاہم اس دن ان ملازمین کے لیے ریموٹ ورک ڈے قرار دیا گیا ہے جن کی نوعیتِ ملازمت انہیں گھر سے کام کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
ڈی جی ایچ آر کی جانب سے جاری سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعطیل ان اداروں، محکموں اور ادارہ جاتی یونٹس پر لاگو نہیں ہوگی جو شفٹ سسٹم کے تحت کام کرتے ہیں یا عوامی سہولیات کی خدمات اور انتظام سے وابستہ ہیں۔ ایسے اداروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی آپریشنل ضروریات کے مطابق مستثنیٰ ملازمین کے لیے اوقاتِ کار کا تعین کریں تاکہ تعطیل کے دوران خدمات کا تسلسل مؤثر اور لچکدار انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔
محکمے نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت، عوام اور تمام رہائشیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نئے سال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ 2026 سب کے لیے کامیابیوں اور ترقی سے بھرپور ثابت ہوگا۔







