
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نئے سال 2026 کا جشن منانے کے لیے شاندار آتش بازی، ڈرون شوز اور مختلف تفریحی پروگراموں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی ملک بھر میں متعدد مقامات پر رنگا رنگ آتش بازی کے شوز ہوں گے جنہیں دیکھنے کے لیے نہ صرف رہائشی بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاح بےصبری سے منتظر ہیں۔ امارات کے مختلف شہروں میں آتش بازی کے بڑے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جہاں شہری نصف شب آسمان کو رنگوں سے جگمگاتا دیکھ سکیں گے۔
ابوظبی میں کارنیچ پر سمندر کے کنارے 8 کلومیٹر طویل شاندار آتش بازی کا شو ہوگا جسے متعدد مقامات سے دیکھا جا سکے گا۔ ایمریٹس پیلس مینڈارن اورینٹل میں جون لیجنڈ کے میوزیکل پروگرام کے ساتھ رنگا رنگ آتش بازی بھی دکھائی جائے گی جبکہ لیوا فیسٹیول میں صحرا کی ٹھنڈی رات میں کیمپنگ کرنے والوں کے لیے خصوصی شو پیش کیا جائے گا۔ شیخ زاید فیسٹیول اور یاس آئی لینڈ پر بھی رات 12 بجے کے علاوہ 9 بجے کا اضافی شو ترتیب دیا گیا ہے۔
دبئی میں دنیا بھر میں مشہور برج خلیفہ کی آتش بازی ہمیشہ کی طرح مرکزی توجہ کا مرکز ہوگی۔ پام جمیرا اور اٹلانٹس دی پام میں بھی زبردست آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔ ایکسپو سٹی دبئی میں بچوں کے لیے رات 9 بجے اور بڑے شو کے لیے 12 بجے خصوصی کاﺅنٹ ڈاؤن رکھا گیا ہے۔ اسی طرح السیف، بلو واٹرز آئی لینڈ، جے بی آر کے دی بیچ اور گلوبل ولیج میں بھی الگ الگ شاندار آتش بازی کے پروگرام ہوں گے۔
شارجہ میں الجزیرہ ہیرا بیچ، المجاز واٹر فرنٹ اور خورفکان بیچ پر رنگا رنگ آتش بازی اور لیزر شوز کا اہتمام کیا جائے گا۔ اجمان کی کارنیچ اور راس الخیمہ کے المرجان آئی لینڈ پر بھی شہری اور سیاح آتش بازی کے طویل اور دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوں گے، جہاں آسمان روشنیوں سے بھر جائے گا۔







