
خلیج اردو
دبئی کے معروف ابن بطوطہ مال کے مستقبل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بحث کے دوران انتظامیہ نے 38 نئے کاروباری مراکز کھلنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں دکانیں، ریستوران، کیفے اور تفریحی مقامات شامل ہیں۔ دبئی ریٹیل کے مطابق ان میں سے 21 کاروبار کام شروع کرچکے ہیں، جبکہ مزید 17 کاروباری مراکز 2027 کے اختتام تک کھولے جانے کا منصوبہ ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز اور تبصروں میں ابن بطوطہ مال کے مستقبل پر سوالات اٹھائے گئے
تھے۔ بعض ویڈیوز میں مال کے نسبتاً خالی حصے دکھائے گئے، جبکہ کچھ صارفین نے دعویٰ کیا کہ وہاں آنے والوں کی تعداد میں کمی محسوس ہورہی ہے۔ تاہم یہ ویڈیوز مخصوص اوقات میں ہونے والے دوروں کی عکاسی کرتی ہیں اور ان کی بنیاد پر پورے شاپنگ سینٹر کی مجموعی کارکردگی کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
دبئی ریٹیل نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں سے متعلق خلیج ٹائمز کے سوالات کا جواب نہیں دیا، تاہم جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ابن بطوطہ مال میں ہر ماہ اوسطاً تقریباً 15 لاکھ افراد آتے ہیں۔ یہ مال 2005 میں کھولا گیا تھا اور یہاں اس وقت 350 سے زیادہ کاروباری مراکز کام کررہے ہیں۔ معروف سیاح ابن بطوطہ کے نام سے منسوب اس مال میں چھ مختلف حصے ہیں، جن کا طرز تعمیر ان کے سفر سے متاثر ہوکر ترتیب دیا گیا ہے۔
مال میں کھانے پینے کے کئی نئے کاروبار پہلے ہی کھل چکے ہیں، جن میں فائیو گائز، جمی جانز سینڈوچز، ماروگامے اڈون، کیریبو کافی، ہلا شاورما، ذائقہ اور بٹر اینڈ بریڈ شامل ہیں۔ آنے والے دنوں میں پیٹس کافی، اوشن باسکٹ، ایشیا کچن اور اسموتھی فیکٹری سمیت مزید برانڈز بھی اپنی خدمات شروع کریں گے۔
تفریحی سرگرمیوں کے شعبے میں روکسی سینماز ایک اہم اضافہ ہوگا، جس کے ذریعے مال میں فلم بینی کی نئی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہاپا لومپا انٹرٹینمنٹ بھی خاندانوں اور بچوں کے لیے تفریحی مقام کے طور پر کھلنے والا ہے۔ حالیہ اضافوں میں زمانیا بائے لیو اینڈ لیونا اور لائک برکس شامل ہیں، جبکہ ٹوائے اسٹیشن بھی جلد کھلنے کی تیاری کررہا ہے۔
فیشن اور خریداری کے شعبے میں جیک اینڈ جونز، انٹا، تنشک، مغربی، موموسو اور سوٹ سارٹوریا سمیت کئی کاروبار کھل چکے ہیں۔ اوون ڈیز اور پزل سپلیمنٹس بھی جلد کاروبار شروع کریں گے، جبکہ کیمسٹ ویئرہاؤس، مڈی، مائی شاپس اور کانٹاٹیا سمیت مزید اداروں کو بھی مال کا حصہ بنانے کا منصوبہ ہے۔
دبئی ریٹیل کے مطابق مال میں روایتی خریداری اور کھانے پینے کی سہولتوں کے علاوہ دیگر خدمات کا دائرہ بھی وسیع کیا جارہا ہے۔ نئے اور مجوزہ کاروباروں میں بینکاری، صحت، تعلیم اور پیشہ ورانہ خدمات کے ادارے بھی شامل ہیں، جن میں اے ڈی سی بی، امٹ کیئر، ڈاکٹر ایم، میلوڈیکا اور ڈیسکو کاپی اینڈ پرنٹ سینٹر شامل ہیں۔
دبئی ریٹیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس برس کے دوران ابن بطوطہ مال کے اطراف رہائشی آبادی میں اضافے سے یہاں آنے والے صارفین کی تعداد اور تنوع بڑھا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 38 نئے اور مجوزہ کاروبار مال میں خریداری، کھانے پینے اور تفریح کے مواقع کو وسعت دینے کے ساتھ آس پاس کی آبادی کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد دیں گے۔







