متحدہ عرب امارات

پاکستانی فضائی حدود کی بندش: بھارت کے حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات سے پاکستان جانے والی 13 پروازیں منسوخ

خلیج اردو
دبئی: بھارت کے پاکستان پر فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں بدھ کی صبح متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے لیے روانہ ہونے والی کم از کم 13 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ متعدد پروازیں تاخیر اور متبادل روٹس کا سامنا کر رہی ہیں۔

دبئی کی فضائی کمپنی فلائی دبئی کے ترجمان نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ 7 مئی کو پاکستان کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ تاہم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی کی پروازیں بدستور جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق، "ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنی پروازوں کے شیڈول میں حالات کے مطابق تبدیلی کرتے رہیں گے۔”

ایمرٹس کی متاثرہ پروازیں
ایمرٹس ایئرلائن کی پروازوں کو بھی شمالی پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈوں کی بندش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ متاثرہ پروازوں میں سیاکوٹ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے آنے اور جانے والی درج ذیل پروازیں شامل ہیں:

ایمرٹس کے ترجمان نے کہا کہ مذکورہ شہروں کی منسوخ شدہ پروازوں پر بکنگ رکھنے والے مسافروں کو تاحکم ثانی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں۔

اتحاد ایئرویز کی پروازیں بھی متاثر
ابوظہبی سے پاکستان جانے والی اتحاد ایئرویز کی پروازیں بھی واپس ابوظہبی لوٹ آئی ہیں۔ 6 اور 7 مئی کو درج ذیل پروازیں منسوخ ہوئیں:

  • EY284 (ابوظہبی تا لاہور)، EY296 (ابوظہبی تا کراچی)، EY302 (ابوظہبی تا اسلام آباد)

  • EY297 (کراچی تا ابوظہبی)، EY285 (لاہور تا ابوظہبی)، EY303 (اسلام آباد تا ابوظہبی)

ترجمان نے کہا کہ کچھ دیگر پروازوں کو متاثرہ فضائی حدود سے بچنے کے لیے متبادل راستوں پر موڑا جا رہا ہے، جس سے پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایئر عربیہ کی پروازیں بھی معطل
شارجہ اور ابوظہبی سے پاکستان جانے والی ایئر عربیہ کی پروازیں بھی متاثرہ ایئرپورٹس کی بندش کے باعث منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے قبل پرواز کی تازہ ترین صورتحال کی تصدیق کریں۔

یورپی ایئرلائنز کا بھی پاکستانی فضائی حدود سے گریز
لُفتھانزا، ایئر فرانس اور برٹش ایئرویز جیسی بڑی یورپی ایئرلائنز نے بھی پاکستانی فضائی حدود کو عبور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایئر فرانس نے CNN کو بتایا کہ جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے باعث یہ احتیاطی قدم اٹھایا گیا ہے۔

دبئی سے بھارت کی پروازیں معمول کے مطابق جاری
فلائی دبئی کے ذریعے دبئی سے بھارت جانے والی پروازوں پر فی الحال کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button