
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، لیکن پاکستان خاموش نہیں رہے گا، جواب ضرور دے گا اور ایسا دے گا کہ بھارت کو یاد رہے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے پاکستان جھوٹے الزامات کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان پاہلگام واقعے میں ملوث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ غلط فہمی ہے کہ ہم ان کے حملوں پر خاموش رہیں گے، حالانکہ ماضی میں ہم نے ان کے طیارے ایسے گرائے جیسے مچھر تھے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ کے لیے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور وزیراعظم کی قیادت میں ہر بھارتی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بلاول بھٹو نے زور دیا کہ ہر پاکستانی وزیراعظم اور پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا جانتی ہے کہ ہم سچ کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو حوصلہ رکھنا پڑے گا کیونکہ پاکستان کا جواب ابھی آنا باقی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے واضح کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے مؤقف اور سچ کے ساتھ کھڑی ہے۔






