
خلیج اردو
دبئی:متحدہ عرب امارات سے چین کا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اب ویزا کے حصول کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ چین کے ویزا درخواست مرکز (Chinese Visa Application Service Centre) دبئی کی جانب سے جاری کردہ نئے اعلامیے کے مطابق درخواست دہندگان کو اب دو مراحل پر مبنی ویزا پراسیس سے گزرنا ہوگا — پہلے آن لائن جائزہ، پھر ذاتی طور پر دستاویزات جمع کروانا۔
پہلا مرحلہ: آن لائن درخواست
اب ویزا درخواست دہندگان براہ راست مرکز جا کر ویزا کے لیے اپلائی نہیں کر سکتے۔
سب سے پہلے انہیں آن لائن درخواست فارم بھر کر، درج ذیل دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی:
-
پاسپورٹ کی کاپی
-
ذاتی تصویر
-
نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ
-
ہوٹل اور فلائٹ کی بکنگز
درخواست جمع کروانے کے بعد ابتدائی جانچ کی جائے گی۔ اگر درخواست منظور ہو جائے تو ای میل کے ذریعے ویزا ایپلیکیشن سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد ہی درخواست دہندہ دبئی ویزا سینٹر جا سکتا ہے۔
دوسرا مرحلہ: ویزا مرکز پر حاضری
آن لائن منظوری کے بعد درخواست دہندہ کو دبئی ویزا سینٹر میں ذاتی طور پر جانا ہوگا اور:
-
اصل پاسپورٹ
-
دستخط شدہ ویزا درخواست فارم
-
آن لائن اپ لوڈ کی گئی تمام اصل دستاویزات
پیش کرنا ہوں گی۔
سیاحت یا کاروباری مقاصد کے لیے درخواست دینے والوں کو لازمی طور پر ہوٹل اور پرواز کی تصدیق شدہ معلومات، جبکہ کاروباری درخواست دہندگان کو دعوت نامہ بھی ساتھ لانا ہو گا۔
فیس کی ادائیگی اور پاسپورٹ کی وصولی
ویزا کی فیس ویزا مرکز میں ذاتی طور پر کیش یا کارڈ کے ذریعے ادا کرنا ہوگی۔
پاسپورٹ چار ورکنگ دن بعد وصول کیا جا سکے گا، جبکہ جمع کروانے والا دن "پہلا دن” شمار ہوگا۔
فنگر پرنٹس سے مستثنیٰ افراد
کئی اقسام کے درخواست دہندگان کو فنگر پرنٹس سے استثنیٰ حاصل ہے، جن میں شامل ہیں:
-
14 سال سے کم اور 70 سال سے زائد عمر کے افراد
-
سفارتی یا سروس پاسپورٹ رکھنے والے
-
گزشتہ پانچ برس میں اسی پاسپورٹ کے ساتھ فنگر پرنٹس دے چکے افراد
-
جن کی انگلیاں موجود نہ ہوں یا فنگر پرنٹس دینے سے قاصر ہوں
-
یکم ستمبر 2024 سے 31 دسمبر 2025 کے درمیان 180 دن سے کم قیام کی ویزا درخواستیں (سنگل یا ڈبل انٹری)
تاہم قونصل خانہ ضرورت پڑنے پر فنگر پرنٹس طلب کر سکتا ہے۔
ویزا مرکز کے اوقات کار:
-
درخواست جمع کروانے اور ادائیگی کا وقت: صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک
-
پاسپورٹ وصولی کا وقت: صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک
ٹور آپریٹر سبیر تھیکے پوراتھوالا پیل کے مطابق اس نئے عمل سے ویزا کی درخواستوں میں درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ چین جانے کے خواہشمند کاروباری اور سیاحتی مسافروں کی تعداد میں حالیہ دنوں میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔







