
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں جون کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں کو مختلف شعبوں میں بڑھتے اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیٹرول، سالک ٹول ٹیکس، پارکنگ فیس اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ متعدد خدمات مہنگی ہو گئی ہیں، جس سے روزمرہ زندگی کے اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
نئی قیمتوں کے تحت سپر 98 پیٹرول 3.95 درہم، اسپیشل 95 پیٹرول 3.83 درہم اور ای پلس 91 پیٹرول 3.76 درہم فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 4.33 درہم فی لیٹر رکھی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے باعث گاڑیوں کے مالکان کو ٹینک فل کرانے پر گزشتہ ماہ کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
یکم جون سے دبئی کے سالک ٹول سسٹم پر بھی پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد رش کے اوقات میں فی ٹرپ فیس 6 درہم سے بڑھ کر 6.30 درہم اور عام اوقات میں 4 درہم سے بڑھ کر 4.20 درہم ہو گئی ہے۔
اسی طرح دبئی کی پارکنگ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی نے بھی تمام پارکنگ سہولیات پر پانچ فیصد ٹیکس نافذ کر دیا ہے، جس سے پارکنگ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔
ادھر عجمان میں ٹیکسی کرایوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور جون کے لیے فی کلومیٹر کرایہ 2 درہم مقرر کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ترسیل، لاجسٹکس اور بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
سونے کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بھی جاری ہے، جس کے باعث اماراتی مارکیٹ میں گولڈ ریٹس میں مزید تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔







