متحدہ عرب امارات

رمضان 2026: یو اے ای میں سنائی دینے والی 10 عام اصطلاحات

خلیج اردو
رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی یو اے ای میں روزمرہ گفتگو کا انداز بدل جاتا ہے۔ اس مقدس مہینے کی اپنی مخصوص لغت ہے، جو سال کے باقی دنوں میں کم ہی سنائی دیتی ہے۔

طویل عرصے سے مقیم افراد اس تبدیلی سے بخوبی واقف ہوتے ہیں، تاہم نئے آنے والوں کے لیے یہ ایک نیا تجربہ ہوتا ہے، جہاں “گڈ مارننگ” کی جگہ “رمضان کریم” اور “ڈنر” کی جگہ “افطار” کا ذکر عام ہو جاتا ہے۔

رمضان کے دوران سب سے زیادہ سنائی دینے والی اصطلاحات میں “رمضان کریم” اور “رمضان مبارک” شامل ہیں، جو ایک دوسرے کو نیک تمناؤں کے اظہار کے لیے کہی جاتی ہیں۔

“صوم” عربی زبان میں روزے کو کہا جاتا ہے، جس کے دوران مسلمان فجر سے مغرب تک کھانے پینے اور دیگر مخصوص امور سے پرہیز کرتے ہیں۔

“سحری” وہ کھانا ہے جو روزہ شروع ہونے سے پہلے فجر سے قبل کھایا جاتا ہے، جبکہ بعض افراد احتیاطاً فجر سے چند منٹ پہلے “امساک” کا اہتمام کرتے ہیں۔

“افطار” غروبِ آفتاب کے وقت روزہ کھولنے کے عمل کو کہا جاتا ہے، جس کا آغاز عموماً کھجور اور پانی سے کیا جاتا ہے۔

رمضان کی راتوں میں “تراویح” کی خصوصی نماز ادا کی جاتی ہے، جبکہ آخری عشرے میں “قیام اللیل” کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں “لیلۃ القدر” کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، جسے ہزار مہینوں سے بہتر رات قرار دیا گیا ہے۔

رمضان میں “زکوٰۃ” اور “صدقہ” کی ادائیگی کا رجحان بھی بڑھ جاتا ہے، جس کے ذریعے مستحق افراد کی مدد کی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اصطلاحات نہ صرف مذہبی شعور کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ یو اے ای میں مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button