
خلیج اردو
شارجہ حکومت نے رمضان المبارک 2026 کے دوران سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے اوقاتِ کار میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ ہیومن ریسورسز کے مطابق پیر سے جمعرات تک سرکاری دفاتر صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلے رہیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ محکمے، ادارے اور اتھارٹیز جو شفٹ سسٹم کے تحت کام کرتے ہیں، اپنی ضرورت اور نظامِ کار کے مطابق ڈیوٹی اوقات کے آغاز اور اختتام کا تعین خود کر سکیں گے۔
اس سے قبل وفاقی اتھارٹی برائے گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے بھی رمضان کے لیے سرکاری اوقاتِ کار کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی اداروں میں پیر سے جمعرات تک اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے جبکہ جمعہ کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے، تاہم مخصوص نوعیت کی ملازمتوں پر یہ اطلاق نہیں ہوگا۔
وفاقی وزارتوں اور اداروں کو رمضان کے دوران فلیکسی ورک ریگولیشنز اپنانے یا جمعہ کے دن زیادہ سے زیادہ 70 فیصد ملازمین کو ریموٹ ورک کی اجازت دینے کی سہولت بھی دی گئی ہے، بشرطیکہ مقررہ ضوابط پر عمل کیا جائے۔
رمضان کا آغاز 17 فروری کو چاند نظر آنے پر منحصر ہوگا اور توقع ہے کہ یہ 18 یا 19 فروری سے شروع ہو سکتا ہے، تاہم حتمی اعلان متعلقہ رویت ہلال کمیٹیاں کریں گی۔
اوقاتِ کار میں یہ کمی رمضان کے مقدس مہینے میں عبادات اور خاندانی ذمہ داریوں کے لیے سہولت فراہم کرنے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔







