
خلیج اردو
ابوظہبی: انسائٹ ڈسکوری کے ساتویں سالانہ "ورسٹ ریپیوٹیشن ان یو اے ای” سروے میں پہلی بار سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ملک کا سب سے زیادہ مشکوک اور ناقابلِ اعتماد پیشہ قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ چھ برسوں سے یہ فہرست زیادہ تر کریڈٹ کارڈ جاری کرنے والی کمپنیوں اور ریکروٹمنٹ فرموں کے گرد گھومتی رہی ہے، تاہم رواں سال ایک بڑی تبدیلی سامنے آئی جب 21 فیصد رہائشیوں نے انفلوئنسرز کو بدترین ساکھ والے پیشے کے طور پر چنا۔ اس کے بعد 19 فیصد نے ٹیلی مارکیٹرز اور کال سینٹرز، 13 فیصد نے کریڈٹ کارڈ جاری کرنے والی کمپنیوں، 11 فیصد نے ریکروٹمنٹ فرموں اور 8 فیصد نے رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کو ووٹ دیا۔
انسائٹ ڈسکوری کے مطابق اس بےاعتمادی کی بڑی وجہ غیر شفاف تشہیر، بغیر اعلان پروموشنز اور گمراہ کن مشوروں سے عوام کو لاحق خطرات ہیں۔ خاص طور پر "فن فلوئنسرز” جو غیر ریگولیٹڈ سرمایہ کاری اسکیموں کو فروغ دیتے ہیں اور غیر حقیقی دعوے کرتے ہیں، ان کے کردار نے عدم اعتماد میں بڑا کردار ادا کیا۔
انسائٹ ڈسکوری کے سی ای او نائیجل سلیٹوی نے کہا کہ "انفلوئنسرز کا اس فہرست میں پہلے نمبر پر آنا اس صنعت کے لیے ایک بڑا وارننگ سگنل ہے۔ لوگوں کا صبر ختم ہو رہا ہے اور وہ زیادہ شفافیت اور جوابدہی چاہتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات حکومت اور سیکیورٹیز اینڈ کموڈٹیز اتھارٹی کی جانب سے "فن فلوئنسرز” کے لیے لائسنسنگ کا نظام درست سمت میں اہم قدم ہے۔
سروے میں شامل کئی افراد نے اپنے ذاتی تجربات بھی شیئر کیے۔ شامی نژاد کینیڈین کنٹینٹ کریئیٹر لانا کاتی، جو 51 ہزار سے زائد فالوورز رکھتی ہیں، نے کہا کہ "معیار میں کمی نے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔ آج کئی نئے آنے والے صرف پیسے یا مفت تحائف کے لالچ میں یہ کام کرتے ہیں، کمیونٹی پر اثر ڈالنے کے جذبے کے بغیر۔”
اماراتی شہری حجرہ حسن نے کہا کہ مسئلہ انفلوئنسرز کے دکھائے گئے "ورچوئل امیج” اور حقیقت کے درمیان فرق ہے۔ "اکثر اوقات وہ کہتے ہیں کہ وہ برسوں سے کسی پروڈکٹ کا استعمال کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں یہ صرف ایک ادا شدہ پروموشن ہوتا ہے۔”
دبئی کی رہائشی بھاویا راؤ نے بتایا کہ وہ انفلوئنسرز کو مکمل طور پر رد نہیں کرتیں بلکہ محتاط رویہ اپناتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی مالیاتی مشورے پر کبھی یقین نہیں کرتیں لیکن اسٹور آفرز یا سیاحتی پیکیجز کو دیکھنے کے لیے ضرور پرکشش محسوس کرتی ہیں، تاہم ہمیشہ تحقیق اور تصدیق کے بعد ہی فیصلہ کرتی ہیں۔
یہ سروے اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں انفلوئنسر انڈسٹری کو عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے زیادہ شفافیت اور ذمہ داری کی ضرورت ہے۔







