متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں چیک کرنا آسان، نئی سرکاری ڈیجیٹل سروس سے چاول، تیل، انڈوں اور دیگر ضروری سامان کی سستی قیمتیں معلوم کی جاسکیں گی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات و سیاحت نے شہریوں کیلئے نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ہے جس کے ذریعے مختلف سپر مارکیٹس میں روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا آسانی سے موازنہ کیا جاسکے گا۔

نئی "ایسنشل گڈز پرائسز پلیٹ فارم” سروس پر صارفین چاول، کوکنگ آئل، انڈے، روٹی، چکن، گوشت، مچھلی، دودھ، سبزیاں، پھل اور پانی سمیت بنیادی اشیاء کی قیمتیں مختلف ریٹیل اسٹورز میں دیکھ سکتے ہیں۔

وزارت کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 33 ضروری اشیاء شامل کی گئی ہیں جبکہ ملک بھر کے 12 بڑے ریٹیل آؤٹ لیٹس کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔

پلیٹ فارم پر موجود اعداد و شمار کے مطابق چکن کی قیمت 10.77 درہم سے 20.42 درہم تک، کوکنگ آئل 5.01 درہم سے 18.67 درہم تک جبکہ چاول 4 درہم سے 16 درہم تک درج کیے گئے۔ اسی طرح انڈوں کی قیمت 27 فلس سے 75 فلس تک ظاہر کی گئی۔

صارفین اپنی ضرورت کے مطابق مختلف اشیاء کو "باسکٹ” میں شامل کرکے یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ کس سپر مارکیٹ میں مجموعی بل سب سے کم آئے گا۔

وزارت نے واضح کیا کہ قیمتیں برانڈ، وزن، پیکنگ اور اسٹور کی شاخ کے لحاظ سے مختلف ہوسکتی ہیں، اس لیے خریداری سے پہلے مکمل تفصیلات کا موازنہ ضروری ہے۔

حکام کے مطابق اگر کسی اسٹور میں پلیٹ فارم پر درج قیمت اور اصل قیمت میں فرق ہو تو صارفین 8001222 پر شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

یہ اقدام یو اے ای میں مہنگائی پر نظر رکھنے اور صارفین کو سستی خریداری میں مدد دینے کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button