
خلیج اردو
شارجہ: شارجہ میں دو عرب شہریوں کے درمیان سڑک پر غلط فہمی کے باعث ہونے والا جھگڑا تشدد میں تبدیل ہوگیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا۔
شارجہ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام موقع پر پہنچے، دونوں افراد کو طلب کر کے بیانات لیے گئے، اور قانونی کارروائی کے لیے معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کر دیا گیا۔
اس حوالے سے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کمپریہینسو پولیس سینٹرز کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ابراہیم مصبح العجاج نے کہا کہ شارجہ پولیس ایسے غیر سماجی رویوں کے خلاف سختی سے نمٹ رہی ہے جو معاشرے کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو روزمرہ کے معاملات میں ضبط نفس اور شعور کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور منفی ردعمل سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس قسم کے واقعات کی ویڈیوز بنانا اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا ایک قانونی خلاف ورزی ہے جس پر سزا ہو سکتی ہے۔
شارجہ پولیس نے معاشرے کے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا غیر اخلاقی رویے کی اطلاع فوری طور پر 901 پر دیں تاکہ معاشرے میں امن و استحکام قائم رکھا جا سکے۔






