
خلیج اردو
شارجہ (17 اپریل 2025)
حاکمِ شارجہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شارجہ حکومت کے سرکاری ملازمین کے لیے نئی تنخواہوں کے نظام اور دو نئی ملازمتوں کی درجات ’اسپیشل اے‘ اور ’اسپیشل بی‘ کی منظوری دے دی ہے۔ اس نظام کے تحت ہر اسامی پر چار سالہ مدت مقرر کی گئی ہے، جو تمام سرکاری ملازمتوں پر لاگو ہوگی۔
نئی تنخواہوں کا یہ نظام اماراتی شہریوں کے لیے روزگار میں تحفظ، ترقی کے واضح مواقع اور کیریئر میں تیزی سے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرے گا۔ اس کے علاوہ حکومت میں کام کرنے والے اماراتی انجینئرز کے لیے بھی خصوصی تنخواہوں کے اسکیل کی منظوری دی گئی ہے، جس میں نئی ’اسپیشل‘ گریڈ شامل کی گئی ہے اور موجودہ اسامیوں کی ساخت میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
شارجہ محکمہ انسانی وسائل کے سربراہ عبداللہ ابراہیم الزعابی نے کہا کہ حاکمِ شارجہ کی ہدایات کے مطابق نئی تنخواہوں کے اسکیل پر عملدرآمد متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد جلد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی گریڈز ملازمین کے لیے محنت کا محرک ہوں گی اور ان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں مدد دیں گی۔
اس سے قبل ملازمین کو پہلی گریڈ حاصل کرنے کے بعد ترقی کے لیے کئی سال انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم اب نئی ’اسپیشل‘ گریڈز کی بدولت محنتی ملازمین تیزی سے ترقی حاصل کر سکیں گے۔







