
خلیج اردو
دبئی: امارات ایئرلائن نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر جدید بائیو میٹرک کیمروں کا نیا نظام نصب کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت مسافر چیک اِن سے لے کر بورڈنگ تک بغیر پاسپورٹ یا موبائل دکھائے سفر کر سکیں گے۔ یہ منصوبہ 8 کروڑ 50 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے، جس کا مقصد مسافروں کے بہاؤ کو تیز اور انتظار کے اوقات کو کم کرنا ہے۔
یہ نیا فیشل ریکگنیشن سسٹم جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارن افیئرز دبئی (GDRFA) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت رجسٹرڈ مسافر صرف کیمرے کی جانب دیکھ کر چیک اِن، امیگریشن، لاؤنچ اور بورڈنگ گیٹس سے بآسانی گزر سکیں گے۔ ایئرلائن کے مطابق یہ ٹیکنالوجی ایک میٹر کے فاصلے سے مسافر کو شناخت کر لیتی ہے، جس سے سفری عمل میں کسی دستاویز دکھانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
یہ سہولت تمام امارات کے صارفین، خواہ وہ مقامی باشندے ہوں یا سیاح، کے لیے دستیاب ہے۔ مسافر امارات ایپ، سیلف سروس کیوسک یا چیک اِن کاؤنٹر پر بائیو میٹرک رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ ایک بار رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد، وہ ہر بار دبئی سے روانگی یا ٹرانزٹ کے دوران مخصوص بائیو میٹرک لین استعمال کر سکیں گے۔
امارات ایئرلائن کے نائب صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر عدیل الردہا نے کہا کہ "ہم نے اپنے بائیو میٹرکس پاتھ کے ذریعے مزید جدت لاتے ہوئے صارفین کے سفر کے تجربے کو بہتر بنایا ہے، جس سے رفتار، درستگی اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔” انہوں نے بتایا کہ 2017 سے امارات اور جی ڈی آر ایف اے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو ایک عالمی معیار کا بغیر رکاوٹ سفر فراہم کیا جا سکے۔
چہرے کے ذریعے بغیر قطار کے سفر کا طریقہ:
1. رجسٹریشن: امارات ایپ یا چیک اِن کاؤنٹر پر سائن اپ کریں۔ مسافروں کو پاسپورٹ اسکین اور بائیو میٹرک استعمال کی اجازت دینا ہوگی۔ صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
2. چیک اِن: کاؤنٹرز پر چہرے کی شناخت کے ذریعے دستاویزات دکھائے بغیر چیک اِن کریں۔
3. امیگریشن: ٹرمینل 3 کے GDRFA اسمارٹ گیٹس استعمال کریں۔ یہ سہولت اماراتی شہریوں، رہائشیوں، جی سی سی شہریوں اور بائیو میٹرک پاسپورٹ رکھنے والے وزٹ ویزا ہولڈرز کے لیے دستیاب ہے۔
4. لاؤنچ رسائی: کنکورس بی کے امارات لاؤنچز میں چہرے کی شناخت کے ذریعے داخلہ حاصل کریں۔
5. بورڈنگ: کنکورس اے، بی اور سی کے منتخب گیٹس پر صرف چہرے کی شناخت سے بورڈنگ کی جا سکتی ہے۔
ڈیٹا کے تحفظ کے حوالے سے ایئرلائن نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی مسافر کا بائیو میٹرک ریکارڈ پہلے سے GDRFA کے پاس موجود ہے تو رجسٹریشن کے بعد امارات اسے اس سے ہم آہنگ کر دے گی، جبکہ نئے آنے والے زائرین کا عارضی پروفائل ان کے دبئی پہنچنے کے بعد مستقل ریکارڈ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔







