خلیج اردو: دنیا کے سرفہرست فری زون، ڈی ایم سی سی اور تجارت و کاروبار سے متعلق حکومت دبئی کی اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ہیروں،رنگین پتھروں اور موتیوں کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی اتھارٹی جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ آف امریکہ (جی آئی اے) ڈی ایم سی سی کے نئے اپ ٹاون ٹاور میں جواہرات کی عالمی تجارت کے فروغ کے لیے نوسالہ معاہدے کے تحت نئی لیبارٹری قائم کرے گی۔
آئندہ سال وسط میں کام کا آغاز کرنے والی نئی جی آئی اے لیبارٹری 41 ہزار مربع فٹ سے زیادہ پر محیط ہوگی جس سے ڈی ایم سی سی کے کاروباری ڈسٹرکٹ میں 500 تک نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ ٹاور کی 22 ویں منزل رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں مکمل ہونے سے پہلے گریڈ اے پریمیم آفس کی جگہ لیز پر دی گئی ہے۔
اس سال جنوری میں ٹاپ آؤٹ ہونے والےاپ ٹاؤن ٹاور کی فی الحال تعمیر مکمل ہوئی جس کے بعد ٹاور ٹیسٹنگ اور کمیشننگ کے مرحلے میں ہے۔ یہ اعلان دبئی کی ہیروں کی عالمی صنعت کے لیے ایک اہم مرکز کی تصدیق کرتا ہے، امارت میں حالیہ برسوں میں ہیروں کی تجارت میں نمایاں طور پر تیزی آئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اس سال پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 36فیصد اضافے کے ساتھ 11 ارب ڈالر مالیت کے غیر تراشیدہ اور پالش شدہ ہیروں کی تجارت ہوئی۔ متحدہ عرب امارات اس وقت دنیا کا غیر تراشیدہ ہیروں کی تجارت کا سب سے بڑا مرکز ہے اور جلد ہی پالش شدہ پتھروں کے لیے بھی مارکیٹ لیڈر بننے جارہا ہے ۔ جی آئی اے کی نئی لیبارٹری سے پالش شدہ ہیروں کی صنعت کی ترقی کی امید ہے۔
ڈی ایم سی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر احمد بن سلیم نے اس حوالے سے کہا کہ ہمیں ڈی ایم سی سی کے اپ ٹاون ٹاور دبئی میں جی آئی اے کی میزبانی کرنے پر بے حد فخر ہے۔اپ ٹاون ٹاور نے بین الاقوامی اور مقامی کاروباری اداروں کے اہم مفادات کی کمان کرتے ہوئے دنیا کے ایک سرکردہ تجارتی ، رہائشی اور ریٹیل کاروبار کی سہولت فراہم کی ہے۔جی آئی اے کاہمارے کاروباری ڈسٹرکٹ میں شامل ہونا ایک باہم مربوط کاروباری برادری کی تعمیر کی ہماری حکمت عملی کو مزید مستحکم کرے گا۔
جی آئی اے کے ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف لیبارٹری و ریسرچ آفیسر ٹام موسزنے کہا کہ ہیروں کے مرکز کے طور پر دبئی کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور اس کے شاندار بنیادی ڈھانچے کی وجہ سے ڈی ایم سی سی جی آئی اے کی صلاحیت میں نمایاں توسیع کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہیروں کی تیاری اور پیداوار کے اہم مراکز سے دبئی کی نزدیکی، ہیرے کی عالمی منڈیوں کے ساتھ نقل و حمل کے موثر رابطوں سے ہمارے صارفین کو مدد ملے گی