متحدہ عرب امارات

فلپائن کے جزیرۂ منڈاناؤ کے قریب 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے سے تباہی، عمارتیں منہدم، ہلاکتیں، سونامی وارننگ جاری، ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر انخلا

خلیج اردو
فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے قریب پیر کی صبح 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ کم از کم 5 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی حکام ہلاکتوں اور نقصانات کی تصدیق اور جائزہ لے رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز منڈاناؤ کے ساحلی علاقے سرانگانی کے قریب سمندر میں تھا۔ شدید جھٹکوں کے باعث کئی عمارتوں، تعلیمی اداروں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے بعد فلپائن کے بعض ساحلی علاقوں میں تین میٹر تک بلند سونامی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ خطرے کے پیش نظر سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور شہریوں کو فوری طور پر اونچی اور محفوظ جگہوں پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فلپائن کے علاوہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض ساحلی علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ امدادی اور ریسکیو ادارے ہنگامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ماہرین نے مزید آفٹر شاکس کے خدشے کا اظہار بھی کیا ہے۔

اس طاقتور زلزلے نے ایک بار پھر بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر” میں واقع ممالک کو درپیش قدرتی آفات کے خطرات کو اجاگر کر دیا ہے، جہاں شدید زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں معمول کا حصہ سمجھی جاتی ہیں

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button