متحدہ عرب امارات

دبئی میں سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں 21.75 درہم کا بڑا اضافہ، 24 قیراط سونا 500 درہم سے تجاوز کر گیا

خلیج اردو
دبئی میں سونے کی قیمتوں میں ایک ہی دن کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں 24 قیراط سونا 21.75 درہم فی گرام مہنگا ہو کر ایک ماہ سے زائد عرصے میں پہلی بار 500 درہم کی سطح عبور کر گیا۔

جمعرات کی صبح 24 قیراط سونا 514 درہم فی گرام پر ٹریڈ ہوا، جبکہ ایک روز قبل اس کی قیمت 492.25 درہم فی گرام تھی۔

دیگر اقسام میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں 22 قیراط سونا 475.75 درہم، 21 قیراط 456 درہم، 18 قیراط 391 درہم اور 14 قیراط 305 درہم فی گرام پر فروخت ہوتا رہا۔

عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4,260.43 ڈالر فی اونس رہی، جو 0.37 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ چاندی کی قیمت 62.08 ڈالر فی اونس پر تقریباً مستحکم رہی۔

ماہرین کے مطابق امریکا، ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول پر لانے کے لیے عبوری معاہدے کی ممکنہ پیش رفت نے مارکیٹ کے اعتماد کو بہتر بنایا ہے۔

سینچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے والیچا کے مطابق جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں ممکنہ کمی اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کم ہونے سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب مارکیٹ سال کے اختتام تک فیڈرل ریزرو کی جانب سے صرف ایک مزید شرح سود میں اضافے کی توقع کر رہی ہے، جبکہ ایک ہفتہ قبل دو اضافوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ شرح سود میں اضافے کی کم توقعات عام طور پر سونے جیسے غیر منافع بخش اثاثوں کے لیے مثبت سمجھی جاتی ہیں۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ چین میں گولڈ ای ٹی ایفز میں مسلسل 14 روز تک سرمایہ کاری آنے سے بھی عالمی سطح پر سونے کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس نے قیمتوں کو 4 ہزار ڈالر فی اونس سے اوپر برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button